معمولی بارش نے نشتر کالونی کا علاقہ ڈبو دیا، گندا پانی گھروں میں داخل

لاہور (اپنے نمائندے سے)محکمہ واسا نے مجرمانہ غفلت کی انتہا کر دی، گٹروں کی صفائی نہ ہونے سے آدھے گھنٹے کی بارش کے پانی نے نشتر کالونی، صوفیہ آباد، جنا ح کالونی اور مدینہ ٹاﺅن کے مکینوں کے گھروں کو ڈبو دیا۔ تعفن زدہ پانی گھروں میں آنے کی وجہ بارشوں سے پہلے گٹروں کی صفائی نہ ہونا ہے جو کہ واسا ملازمین کی لاپرواہی اور غفلت کا ثبوت ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوںکا الرٹ جاری ہونے کی باوجود کسی بھی گٹر کی صفائی نہ ہونا علاقہ کے رہائشیوں کے ساتھ سخت ناانصافی ہے جس کا ایم ڈی واسا ذاتی نوٹس لیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں مون سون سیزن کی پہلی بارش نے صوفیہ آباد، جناح کالونی اور مدینہ ٹاﺅن کے رہنے والوں کو اس وقت سخت اذیت سے دوچار کردیا جب گٹروں گندا پانی گھروں میں گھس گیا۔ واسا ملازمین اور افسران بالا کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اس علاقے میں کے کسی بھی گٹر کی صفائی نہیں ہوئی۔ اہل علاقہ نے ایم ڈی واسا غفران احمد سے مطالبہ ہے کہ ہمارے علاقہ میں واقع جتنے بھی گٹر ہیں انکی فوری صفائی کو یقینی بنایا جائے، ابھی تو تھوڑی سے بارش ہوئی ہے تو یہ حال ہے زیادہ بارشیں ہوئیں تو کیا حال ہوگا لہٰذا مون سون بارشوں سے قبل ہمارے علاقہ کے گٹروں کی صفائی ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر یہ ممکن نہ ہوا تو گٹروں کا گندا پانی ہمارے گھروں میں آئیگا جس کی وجہ سے موذی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ مون سون کی پہلی بارش نے ہی نشتر کالونی کے لوگوں کی زندگی عذاب بنا دی۔ واسا کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے آدھے گھنٹے کی کی بارش نے نشتر کالونی، صوفیہ آباد، جنا ح کالونی اور مدینہ ہوم کو ڈبو کر رکھ دیا۔ لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا، گٹروں نے بیک مار ا اور سارا گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا الرٹ جاری کیا تھا اس کے باوجود بھی واسا نے گٹروں کی صفائی نہیں کی جس کی وجہ سے آدھے گھنٹے کی بارش نے علاقے کو دریا میں بدل دیا اور لوگوں کی زندگی عذاب بن گئی۔ اہل علاقہ کی کثیر تعداد کا ایم ڈی واسا سے پرزور مطالبہ ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر نشتر کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں کے گٹروں کی صفائی جلد سے جلد شروع کی جائے۔بھاری بلوں اور ٹیکسوں کے باوجود واسا کا مون سون سے پہلے گٹروں کی صفائی نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ واسا کے اہلکاروں کو عوام سے کوئی غرض نہیں۔ عوام نے متنبہ کیا کہ اگر چند دنوں کے اندر اندر نشتر کالونی اور اسے ملحقہ علاقوں کے گٹروں کی صفائی نہ کی گئی تو لوگ واسا کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔