اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)عوام پرایک اور وار کی تیاری،بجلی،پٹرول بم تیار، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پمپس کو سپلائی روک دی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی3.41روپے یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی،اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا، نیپرا درخواست پر سماعت جمعہ کوکرے گا۔
ادھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں10.50روپے لٹر تک اضافے کا امکان ہے ،جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم جولائی سے اضافہ ہونے کی اطلاعات پر پٹرول پمپس کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی ایڈوانس رقم لینے کے باوجود بند کر دی۔
پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کے سینئر سیکرٹری جنرل خواجہ عاطف نے کہا جو ٹینکر آئل ڈپووں سے روانہ ہونے لگے تھے ان سے بھی پٹرولیم مصنوعات کو آف لوڈ کردیا گیا، اگر یہی صورتحال رہی تو پھر لاہور سمیت ملک بھر میں پمپس پر پٹرول دستیاب نہیں ہوگا اور پٹرول پمپس پر لڑائی جھگڑے ہونگے، سپلائی نہ دینے کی صرف ایک ہی وجہ ہے کہ یکم جولائی سے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے اور آئل کمپنیوں نے اربوں روپے منافع کمانا ہے۔
بجلی،پٹرول بم تیار، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پمپس کو سپلائی روک دی



















