واشنگٹن، اسلام آباد: (خواجہ فاروق+ بیورو رپورٹ) پاکستان 8 فروری کو ہونےوالے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی، مداخلت، بے ضابطگی شکایتوں کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائے۔ امریکی کانگریس نے قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔
7 کے مقابلے میں 368 ووٹوں سے منظور نان بائنڈنگ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی، مداخلت اور بے ضابطگیوں کے دعووں کی آزادانہ و غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
قرارداد میں عوام کو جمہوری عمل میں حصہ لینے سے باز رکھنے کےلئے دھمکانے، ہراساں کرنے اور قید میں رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا انٹرنیٹ و ٹیلی کمیونی کیشن سہولیات کی فراہمی میں تعطل، انسانی، سول و سیاسی حقوق کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے، جمہوری عمل میں لوگوں کی بلاخوف شرکت کی ضرورت ہے۔ پاکستان جمہوریت، انتخابی اداروں، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی برقرار رکھے اور عوام کی آزادی صحافت، آزادی اجتماع و تقریر کی بنیادی ضمانتوں کا احترام کرے۔ واضح رہے امریکی حکومت نان بائنڈنگ قرارداد پر عمل کرنے کی پابند نہیں۔
ادھر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کی منظوری کا نوٹس لے لیا، قرارداد کی منظوری کا وقت اور حالات دوطرفہ تعلقات مثبت محرکات سے مطابقت نہیں رکھتے، قرارداد پاکستان میں سیاسی صورتحال و انتخابی عمل سے نامکمل واقفیت کا نتیجہ ہے۔
دفترخارجہ نے کہا پاکستان دنیا کی دوسری بڑی پارلیمانی جمہوریت اور پانچویں بڑا جمہوری ملک ہے، آئین و انسانی حقوق کو اہمیت دینے کا عزم کئے ہوئےہیں، پاکستان اپنے قومی مفاد میں قانون کی حکمرانی پر عمل کرتا ہے، باہمی احترام و مفاہمت کی بنیاد پر تعمیری مذاکرات، رابطوں پر یقین رکھتے ہےں، ایسی قراردادیں تعمیری ہیں نہ ہی بامقصد امید ہے امریکی کانگریس پاک، امریکہ تعلقات مضبوط بنانے میں معاون کردار ادا کریگی۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا امید ہے امریکی کانگریس دونوں ملکوں کے عوامی مفاد میں باہمی اشتراک کے شعبوں پر توجہ دیگی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے قرارداد کوبڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاامریکہ کے 368 کانگریس ممبران نے الیکشن کو فراڈ قرار دےکر تحقیقات کامطالبہ کیا، پاکستان میں جاری فسطائیت، جھوٹے کیسز، شہریوں کے اغوا، صحافیوں کی زبان بندی کی مذمت اور تحقیقات کے مطالبے پر 368 کانگریس ممبرز نے ووٹ دیا، پاکستانی ایمبیسی اور رجیم نے قرارداد ناکام بنانے کیلئے امریکہ میں پورا زور لگایا، صرف 7 ووٹ مخالف پڑے‘ کامیابی کا سہرا پاکستانی کمیونٹی کو جاتا ہے۔
دوسری طرف (ن) لیگی رہنما حنیف عباسی نے قرارداد کو صیہونی سازش قرار دیتے ہوئے کہا قرارداد کے پیچھے بانی پی ٹی آئی کے کزن جاوید برکی اور ڈاکٹر آصف ہیں، کانگریس میں لابنگ پر لاکھوں ڈالرخرچ کئے گئے۔
پاکستان انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کرائے ،امریکی کانگریس ،قرارداد نامکمل واقفیت کا نتیجہ ہے،دفتر خارجہ



















