امن کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں غفلت برداشت نہیں،وزیراعظم

لاہور:( خبر نگار،اپنے رپورٹر سے)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس ہوا ،امن و امان کی موجودہ صورتحال ، اسلام آباد ماڈل جیل، سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ ،سپیشل پروٹیکشن یونٹ ،قومی سہولت مراکز،منشیات و دھماکہ خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کےلئے قائم شدہ K-9 یونٹ پر بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف نے کہا پاکستانی شہریوں ،غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی ترجیحات میں شامل ہے، امن کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے،اسلام آباد ماڈل پرزن میں پیشہ وارانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

شہبازشریف نے کہاسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کےلئے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے ، اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیب تعمیر کی جائے ،تمام سکیورٹی منصوبوں کےلئے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار و جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ملاقات کی،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔