مہنگائی سے ریلیف حکومت کی ترجیح ہے، اعتزاز اسلم مارتھ

ساہیوال:(بےورورپورٹ)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ نے کہا ہے کہ عام آدمی کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں نکلیں اور اشیاءضروریہ کی قیمتوں کی سخت چیکنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے کسی قسم کی سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس کے منٹگمری ہال میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ضلع بھر کے پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

اعتزاز اسلم مارتھ نے کہا کہ تمام مجسٹریٹس دیگر اشیاءصرف کے ساتھ ساتھ نان اور روٹی کی قیمت اور وزن کو لازمی چیک کریں۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یکم جون سے 21جون تک تحصیل ساہیوال میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 24415انسپکشنز کیں جس دوران15لاکھ6ہزار5سو روپے جرمانہ کیا گیا، 14ایف آئی آرز درج کروائی گئیں اور 192دوکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح تحصیل چیچہ وطنی میں 14445 انسپکشنز کی گئیں جس دوران 7لاکھ56ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، 5 ایف آئی آرز درج کروا کر 59 دوکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔