کرم ، بارودی سرنگ دھماکہ،5جوان وطن پر قربان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)کرم میں بارودی سرنگ دھماکہ،5جوان شہید ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق کرم کے عام علاقے صدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ دھماکے کی زد میں آنے سے 5جوان وطن پر قربان ہوگئے۔

شہید ہونے والوں میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک طفیر، سپاہی انوش رفون،اعظم خان اور ہارون ولیم شامل ہیں،شہدا نے وطن کی خاطر لازوال قربانی دیتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔

اعلامیے میں کہا گیاعلاقے میں موجود دہشتگردوں کو ختم کرنے کےلئے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا،حملے جیسے گھناونے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ،سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں ،بہادر سپاہیوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ ودیگر رہنماﺅں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاعظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہید ہونے والے جوانوں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا، لازوال قربانیوں کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، قوم ناسور کے مکمل خاتمے کے پر عزم ہے۔