فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کرنا ہوں گے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے احتجاج ہر شہری کا بنیادی و آئینی حق ہے لیکن آڑ میں سیاسی ایجنڈا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی،صوبے میں لوڈ شیڈنگ ، سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے کہا احتجاج ہر شہری کا بنیادی و آئینی حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں سیاسی ایجنڈا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، خیبر پختونخوا کے عوام کی بہبود کےلئے ہرممکن مدد فراہم کریں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے ملک کے معروف برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی اور صنعتوں کےلئے بجلی کے نرخ میں کمی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیصلے کو صنعتی و برآمدی شعبے کےلئے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا، وفد نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار ،ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا برآمدات ملکی معیشت کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں،ملک تبھی ترقی کرے گا جب برآمدی شعبہ تیز و پائیدار ترقی کی طرف بڑھے گا،برآمد کنندگان لائق احترام ہیں اور ملکی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں،غیر روایتی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کرنا ہوں گے۔

شہبازشریف نے کہابرآمدات ،جی ڈی پی کے تناسب کو بڑھائیں گے،صنعت کاروں ،تاجروں کو سیلز ٹیکس ریفنڈ کی بر وقت ادائیگی یقینی بنا رہے ہیں،کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے تاجروں ،صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔