عوام کو عید کاتحفہ،پٹرول10.20روپے لٹر سستا،صنعتوں کیلئے تاریخی پیکیج،بجلی کی قیمت میں10.69روپے یونٹ کمی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عوام کو عید کابڑا تحفہ،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات10.20روپے لٹر تک سستی کردیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق پٹرول10.20،ڈیزل کی قیمت میں 2.33 روپے لٹر کمی کردی، اطلاق آئندہ 15روز کیلئے ہوگا،پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں نافذ العمل ہوگئیں۔

واضح رہے قیمتوں میں اضافے یا کمی کا اعلان ہر ماہ کی 15 اور مہینے کی آخری تاریخ کو ہوتا ہے لیکن عید کے باعث ایک روز قبل ہی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔


قبل از یں وزیراعظم نے تاریخی پیکیج دیتے ہوئے صنعتوں کیلئے بجلی10.69روپے یونٹ سستی کردی،وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے ملکی صنعت کی بہتری کےلئے تاریخی پیکیج دیتے ہوئے انڈسٹریز کےلئے بجلی 10.69روپے یونٹ سستی کرنے کااعلان کردیا۔

وزیراعظم نے صنعت و برآمدات میں بڑے اضافے کےلئے تاریخی قدم اٹھایا،صنعتوں کےلئے بجلی کی قیمت34.99روپے یونٹ مقرر کردی گئی،خصوصی پیکیج ملنے پر صنعتوں سے 200 ارب سے زائد کا بوجھ ختم ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ریلیف کا مقصد عالمی منڈی میں اشیا کی لاگت مقابلے کے قابل بنانے کےلئے اٹھایا گیا ،صنعتی و زرعی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کا امکان بھی ہے،ماہرین کے مطابق پیکیج سے صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز ،روزگار میں اضافہ ہوگا، صنعتوں کے پہیے کی رفتار تیز اور برآمدات میں اضافے سے معیشت کو فائدہ پہنچے گا،واضح رہے نیپرا نے صنعتوں کےلئے بجلی سستی کرنے کی تجویز دی تھی۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے سابق گورنرسٹیٹ بینک رضا باقر نے عالمی شہرت یافتہ کنسلٹنسی فرم کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،وفد کی جانب سے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔

شہبازشریف نے کہادوست ممالک کےساتھ سرمایہ کاری کے معاہدوں کو بین الاقوامی شہرت یافتہ فرمز کی مشاورت سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے،حکومتی حجم میں کمی اور نظام حکومت کو موثر بنانے کےلئے بھی عالمی شہرت یافتہ فرمز سے مشاورت کی جائے۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان کے تمام شعبوں بالخصوص معدنیات ، توانائی میں سرمایہ کاری کی لامحدود استعداد موجود ہے،معاشی ترقی میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہے، حکومت معیشت کی بحالی کےلئے نجی شعبے کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔