فیصل آباد:(صداقت علی)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے وزیر خزانہ کی تقریر کو خوبصورت الفاظ کا گورکھ دھندہ قرار دےدیا۔
فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ جن مسائل بارے وضاحت ہونی چاہیے تھی وزیر خزانہ نے ان کے بارے میں خاموشی اختیار کی اور جن معاملات کی ضرورت نہیں تھی ان پر ضرور ت سے زیادہ زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کی یہ بات درست ہے کہ حکومت کو کاروبار نہیں کرنا چاہیے مگر کیا حکومت چاہتی ہے کہ نجی شعبہ بھی کاروبار کرے کیونکہ ایسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں کہ نجی شعبہ بھی کاروبار نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی چھوٹ واپس لینے سے مہنگائی بڑھے گی مگر انہوں نے اس کو اتنے خوبصورت الفاظ میں بیان کیا ہے جیسے اس کے نتیجہ میں دودھ کی نہریں بہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کی دو عملی اس بات سے ظاہر ہے کہ وہ برآمدات پر بھی دوسرے شعبوں کے برابر ٹیکس عائد کرنا چاہتے ہیں مگر وہ اس بارے میں وضاحت کرنے سے قاصر تھے کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ 243ارب روپے کی حکومت کو جو کراس سبسڈی دے رہا ہے اِس کا کیا بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل وزیر خزانہ نے خوبصورت الفاظ میں انتہائی خطرناک بجٹ پیش کیا ہے جس کے مضمرات سے کوئی بھی شعبہ بچ نہیںسکے گا۔ ایس ایم ای سیکٹر کیلئے زیادہ رقم رکھی گئی ہے کیونکہ 95فیصد رقم بڑے صنعتکار لے جاتے تھے۔
ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ برآمدی شعبہ مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر تمام قوانین کی پابندی کر رہا ہے اور وہ اپنے مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے پابند ہیں۔ جہاں تک لوکل صنعت کا تعلق ہے انہوں نے کہا کہ یا وہ اپنے وجود کو برقرار رکھے گی یا مزدوروں کی تنخواہ بڑھائے گی۔ برآمدات کو نارمل ٹیکس رجیم میں شامل کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم اس کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ صدر چیمبر نے کہا کہ موجودہ بجٹ نے آنے والے دنوں میں ہر ماہ نئے منی بجٹ کی راہ ہموار کر دی ہے ۔
سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ سیلز ٹیکس کے سلسلہ میں ہر قسم کی چھوٹ ختم کر دی گئی ہے جبکہ مساوات اور شفافیت کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کا جی ڈی پی میں 24فیصد حصہ ہے مگر اس پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی شکل دینے کیلئے وہ نان فائلر ز کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں مگر اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس طرح رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کو بری طرح نقصان پہنچایا گیاہے۔ پہلے جو لوگ دو تین مرلے کے مکان بنا لیتے تھے اب ان کیلئے ایسا کرنا ممکن بھی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ جمہورری روایات کے برعکس حکومت نے بجٹ کی تیاری کے سلسلہ میں چیمبرز سے مشاورت نہیں کی اس لئے ہم اس کو مسترد کرتے ہیں۔ نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے کہا کہ انکم ٹیکس کے سلسلہ میں 6لاکھ کی چھوٹ کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ اس کو 12لاکھ ہونا چاہیے ۔ انہوں نے تاجر دوست سکیم کے حوالے سے کہا کہ حکومت 30لاکھ کے ہدف میں سے صرف 30ہزار تاجروں کی رجسٹریشن کر کے اس کو کامیاب قرار دے رہی ہے حالانکہ رجسٹریشن کرانے والوں کی شرح صرف ایک فیصد بنتی ہے۔
بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ ،فیصل آباد کے تاجروں نے مسترد کر دیا



















