غیر ملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کی خواہاں ، حکومت سولر پینلز کی مقامی مینو فیکچرنگ کیلئے سنجیدہ ہے: شافع حسین

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی گزشتہ 4ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن نے تفصیلی بریفنگ دی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سولر پینلز کی پنجاب میں مقامی سطح پر مینو فیکچرنگ کیلئے سنجیدہ ہے۔متعدد غیر ملکی کمپنیاں پنجاب کے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔غیر ملکی کمپنیوں نے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ سفارتکاروں، غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں اور صنعتکاروں سے ملاقاتوں میں ہونے والے فیصلوں کافالو اپ کیا جائے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے فالواپ ضروری ہے۔پنجاب میں سرمایہ کاری کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع بڑھانا میرا عزم ہے۔