لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کے مسائل کے ازالے کیلئے پرعزم اور مصروف عمل ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی اور پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف کے بارے میں احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے انسپکٹر احمد علی (مرحوم) کی اہلیہ کی جانب سے فیملی کلیم پر بیٹے کی بھرتی کی درخواست ضروری کاروائی کیلئے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو بھجوا دی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس آئی اکرم شہید کی اہلیہ کی جانب سے بیٹے کی جاب کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ-2 کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انسپکٹر شکیل احمد کی جانب سے غازی قرار دئیے جانے کی درخواست پر اے آئی جی ڈسپلن کو میرٹ پر کاروائی کا حکم دیا۔ انسپکٹر سید خاور حسین کی جانب سے محکمانہ پروموشن درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا جبکہ رحیم یار خان پولیس کے کانسٹیبل سعید احمد کی بائی پاس آپریشن کیلئے میڈیکل گرانٹ کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کی ہدایت دی۔ آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، ریکروٹمنٹ اور ویلفیئر امور سے متعلق دیگر درخواستیں سن کر احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کے مسائل کا بروقت ازالہ اولین ترجیح ہے اور ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے مطابق شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ و کومبنگ آپریشنز جاری ہیں ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ 26 فروری تا اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر میں 5 ہزار 770 سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے گئے جن میں ایک لاکھ 83 ہزار افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 2704 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، گرفتار ملزمان سے 105 پسٹل، 10 بندوقیں، 08 رائفلز± اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ گذشتہ روز میں لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں 39 سرچ و کوبنگ آپریشنز کئے گئے جن میں 1800 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حساس مقامات، کچی آبادیوں، ہوٹل و سراو¿ں، بس اڈوں کے گردونواح میں سرچ و کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شدت پسند و شرپسند عناصر، انکے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، ڈاکٹر عثمان انور نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے منظم جرائم کا خاتمہ کیا جائے۔
پولیس ملازمین اور اہل خانہ کے مسائل کا بروقت ازالہ اوّلین ترجیح ہے:آئی جی پنجاب



















