اسلام آباد (مشرق نیوز) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مارگلہ نیشنل پارک میں واقع ریسٹورنٹ کے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا مارگلہ ہلز پر سی ڈی اے والے خود آگ لگاتے ہیں؟ سپریم کورٹ میں مارگلہ نیشنل پارک میں واقع ریسٹورنٹ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طلب کرتے ہوئے سی ڈی اے کی رپورٹ مسترد کر دی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ کیا سی ڈی اے کے اعلیٰ افسران کو انگریزی کی کلاسز کرانا پڑیں گی؟ سی ڈی اے سے مونال اور دیگر ریسٹورنٹس کی تفصیل مانگی تھی؟ سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ ہم نے مارگلہ نیشنل پارک میں تمام تعمیرات کی تفصیلات پر رپورٹ دی ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سی ڈی اے کی رپورٹ میں سپورٹس کلب پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر بھی شامل ہے، سی ڈی اے نے آرٹس کونسل نیشنل مانومنٹ کا نام بھی شامل کر دیا ہے، یہ سی ڈی اے کی ایمانداری ہے؟ کیا سپریم کورٹ کی عمارت بھی نیشنل پارک میں آتی ہے؟ سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ مجھے اس سوال کے جواب کیلئے نقشہ دیکھنا پڑیگا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ دنیا کو معلوم ہے مونال کے ساتھ مزید کتنے ریسٹورنٹس ہیں، نہیں معلوم تو سی ڈی اے کو نہیں، کیا سی ڈی اے کا اپنا دفتر بھی نیشنل پارک میں ہے؟ مارگلہ ہلز پر کتنی بار آگ لگ چکی؟ سی ڈی اے کے چیئرمین نے کہا کہ رواں سیزن 21 بار مارگلہ ہلز پر آگ لگنے کے واقعات پیش آچکے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ گزشتہ رات مارگلہ ہلز پر رات گئے تک آگ لگی رہی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کچھ کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں، مون سون سیزن میں مارگلہ ہلز پر نئے درخت لگائیں گے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ آگ بجھانے کیلئے ہیلی کاپٹر کہاں سے آتے ہیں؟ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد آگ بجھانے کیلئے این ڈی ایم اے سے ہیلی کاپٹر لئے گئے تھے۔ سپریم کورٹ نے مارگلہ پر ریسٹورنٹ کے اطراف دیگر تعمیر شدہ ریسٹورنٹس کی تفصیل طلب کرتے ہوئے سماعت میں مختصر وقفہ کر دیا۔
کیا مارگلہ ہلز پر سی ڈی اے والے خود آگ لگاتے ہیں؟ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ



















