کاشکاروں کیلئے پنجاب کسان بینک،گرین ٹریکٹر سکیم،آل سیڈ پروموشن پروگرام سمیت تاریخی پیکیج کا اعلان
لاہور(اپنے رپورٹر سے ) پنجاب حکومت نے کسان بینک سمیت کاشتکاروں کےلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کردیا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ن لیگ کے صدر نواز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں کسان پیکیج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں ”پنجاب کسان بینک ، گرین ٹریکٹر سکیم، ہارویسٹر اور زرعی آلات کی مقامی سطح پر تیاری، آئل سیڈ پروموشن پروگرام “ کا اعلان کیا گیا،پنجاب حکومت کی جانب سے کاشت کاروں کو آسان قرضوں کےلئے پنجاب کسان بینک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ کاشت کاروں کےلئے ”سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم“ کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ٹریکٹر پرمحض 6 لاکھ روپے سبسڈی کی تجویز مستردکردی اور چھوٹے ٹریکڑ پر 70 جبکہ بڑے ٹریکٹرپر 50 فیصد سبسڈی دینے کی ہدایات جاری کیں، اجلاس میں نواز شریف کی تجویز پر پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ٹریکٹروں کی تعداد 10 ہزار بڑھا دی گئی،وزیراعلیٰ نے پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کا پہلا فیز ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم دےدیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہر سال پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت زیادہ ٹریکٹر دئیے جائیں گے، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 6 ایکڑ سے 50ایکڑ اراضی مالکان ٹریکٹر سکیم میں اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے،علاوہ ازیں مریم نواز نے مقامی سطح پر تیار کردہ ہائی ٹیک میکنائزیشن پروگرام کی بھی منظوری دےدی جس کے تحت غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں مقامی اشتراک سےہارویسٹر اور دیگرآلات تیارکریں گی اس سلسلے میں غیر ملکی کمپنیوں کو جدید زرعی آلات کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ پر مراعات دینے کی تجویز پر غور کیا گیا،اجلاس میں صوبے میں آئل سیڈ پروموشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی جس کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں تیلدار اجناس تیار کرنے کی ترغیب دی جائے گی،اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا صوبے میں پہلی مرتبہ 400ارب روپے کا کسان پیکیج دیا جارہا ہے، کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے علاوہ دیگر مراعات اور سہولتیں بھی دیں گے، ہر کاشتکار کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہمارے اولین اہداف میں شامل ہے،اجلاس میں ٹیوب ویل کی سولرائزیشن اور ڈرپ ایریگیشن سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کسان کارڈ کےلئے 48گھنٹے میں47ہزار فارمر رجسٹریشن کراچکے ہیں مزید برآں راوی اربن ڈویلپمنٹ (روڈا) پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے چین اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے اشتراک کا فیصلہ کر لیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سی ای او روڈا عمران امین نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، مریم نواز نے روڈا ایریا میں ماسٹر پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں روڈا پراجیکٹ ٹوئن سٹی میں بین الاقوامی سطح کا ایئر پورٹ بنانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا،اجلاس کے دوران روڈا میں فاریسٹ ایریا 20 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کا اصولی فیصلہ جبکہ روڈا میں دریائے راوی کی صفائی اور دریا کا پاٹ ہزار میٹر سے زائد چوڑا رکھنے پر اتفاق ہوا،مریم نواز نے روڈا فاریسٹ ایریا میں تعمیرات پر پابندی کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور روڈا ایریا میں اراضی کی غیر قانونی خریدوفروخت روکنے کا حکم دیا،اجلاس میں روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کیلئے سپیشل پولیس فورس قائم کرنے کا جائزہ بھی لیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی تمام پراجیکٹس میں ماحولیاتی تحفظ یقینی بنائے،اس موقع پر ن لیگ کےصدر نواز شریف نے کہا 2013 میں راوی کنارے نیا شہر آباد کرنے کا پلان بنایا مگر بعد میں آنے والوں نے رکاوٹیں کھڑی کیں، لاہور کے فیوچر پراجیکٹ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔



















