توہین عدالت کیس، مصطفی کمال کی فوری معافی مسترد، واوڈا کو ایک ہفتے کی مہلت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)توہین عدالت کیس میںایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال کی فوری معافی کی استدعا مسترد ،فیصل واوڈا کو ایک ہفتے کی مہلت،سپریم کورٹ نے توہین آمیز پریس کانفرنس نشرکرنےوالے ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کردیا، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دئیے دوسرے آئینی ادارے پر تنقید کرنا اراکین پارلیمنٹ کا حق نہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا اور ایم کیو ایم مصطفی کمال کےخلاف توہین عدالت کیس پرسماعت کی،دونوںعدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے مصطفی کمال کی فوری معافی مسترد اور فیصل واوڈا کو معافی مانگنے کےلئے ایک ہفتے کی مہلت دےدی،مصطفی کمال کے وکیل فروغ نسیم نے کہا تحریری جواب میں غیر مشروط معافی مانگ لی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ہدایت کی آپ اپنا غیر مشروط معافی والا جواب عدالت میں پڑھ کر سنا دیں، وکیل فروغ نسیم نے مصطفی کمال کا جواب پڑھ کر سناتے ہوئے کہابالخصوص 16 مئی کی پریس کانفرنس پر معافی مانگی ،پریس کانفرنس زیرالتوا اپیلوں پر تھی،جسٹس قاضی فائز نے استفسار کیا وہ اپیلیں وفاقی شرعی عدالت میں نہیں ،فروغ نسیم نے کہا مصطفی کمال خود کو عدالت کے رحم وکرم پر چھوڑ رہے ہیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا فیصل واوڈا کے وکیل کہاں ہیں، واوڈا کے وکیل معیز احمد روسٹرم پر آگئے، چیف جسٹس نے کہا گزشتہ سماعت کا حکم نامہ کیا تھا دکھائیں۔

مصطفی کمال کے وکیل فروغ نسیم نے کہا میرے موکل کی پریس کانفرنس توہین عدالت نہیں ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا پارلیمنٹ کا بے حد احترام کرتے ہیں، پارلیمنٹ نے کئی قوانین بنائے مگر کچھ نہیں کہا، پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ آئینی باڈی ہے ،کوئی انا کا مسئلہ نہیں لیکن آپ پارلیمان کے ممبر ہیں، ایک آئینی ادارہ دوسرے آئینی ادارے پر حملہ کیسے کر سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے فروغ نسیم سے استفسار کیا مصطفی کمال معافی مانگ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں توہین عدالت نہیں کی اگر توہین نہیں تھی تو معافی کس بات کی مانگ رہے ہیں؟ قوم کو ایسی پارلیمنٹ اور عدلیہ چاہئے جس کی عوام میں عزت ہو، میرا خیال ہے پہلی بار ہے توہین عدالت کا نوٹس لیا ، فیصل واوڈا سینٹ میں ہیں وہاں تو اور بھی سلجھے ہوئے لوگ ہونے چاہئیں، اراکین پارلیمنٹ کے ہوتے عدلیہ پر ایسا حملہ ہو تو ایک ادارے کا دوسرے پر حملہ ہوتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے آپ ڈرائنگ روم میں بات کرتے تو الگ بات تھی اگر پارلیمنٹ میں بات کرتے تو کچھ تحفظ حاصل ہوتا، پریس کلب میں بات کریں اور تمام ٹی وی چینل چلائیں تو معاملہ الگ ہے،کچھ لوگ سمجھتے ہیں عدلیہ کو گالی نکال کر اور ڈرا دھمکا کر مرضی کے فیصلے لے لیں گے،آپ کو لگتا ہے کوئی جج بے ایمانی کر رہا ہے تو ریفرنس لےکر آئیں،عوام نے ججز کو انصاف کرنے اور ممبر پارلیمان کو قانون بنانے کےلئے بٹھایا ۔

اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا ججز کی دہری شہریت کی آئین میں ممانعت نہیں، چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا آپ یہ بات کیوں کر رہے ہیں،اٹارنی جنرل نے کہا ججز کی دہری شہریت کی بات پریس کانفرنس میں کی گئی، ججز کے کنڈکٹ پر بات کرنا توہین عدالت میں آتا ہے، اراکین پارلیمنٹ کو بات کرتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے، پارلیمنٹ میں بھی ججز کے کنڈکٹ کو زیر بحث نہیں لایا جاسکتا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کیا ٹی وی چینلز کے اندر کوئی معیار ہے؟ 34 منٹ پریس کانفرنس چلائی گئی مگر نامناسب الفاظ کو نہیں روکا گیا؟ کیا ٹی وی چینل کو نوٹسز جاری کردیں؟،اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا ٹی وی چینلز کو معافی بھی 34 منٹ چلانی چاہیے،چیف جسٹس نے استفسار کیا ایسی پریس کانفرنس نشر ہوتی رہیں تو کوئی مسئلہ نہیں مگر کورٹ کی کارروائی سے مسئلہ ہے؟ ،پریس کانفرنس کی بجائے ہمارے سامنے کھڑے ہو کر بات کرتے،ایسی گالم گلوچ کسی اور ملک میں بھی ہوتی ہے، مجھے جتنی گالیاں پڑیں شاید کسی کو نہ پڑی ہوں،کبھی اپنی ذات پر نوٹس نہیں لیا،جھوٹ بولنے سے ڈالر ملتے ہیں، سارے صحافیوں کو ہم نے بچایا، عدالتی فیصلوں پر ضرور تنقید کریں، اڑا کر رکھ دیں۔

صدر سپریم کورٹ بار نے کہا عدلیہ مخالف مہم کے مکمل مخالف ہیں، چیف جسٹس نے کہا کسی نے میرے فیصلے پر تنقید کرنی ہے تو پڑھ کر کرے،اٹارنی جنرل نے کہا سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کا قانون نہیں لیکن ٹی وی چینلز کو نوٹس ہونا چاہیے،بعد ازاں عدالت نے مصطفی کمال کی فوری معافی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے توہین آمیز پریس کانفرنس نشر کرنے پر ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کرکے2ہفتوں میں جواب طلب کرلیااورفیصل واوڈا کو جواب پر نظر ثانی کرنے کےلئے ایک ہفتے کا وقت دے کر ہوئے سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاعدالت کا فیصلہ قبول کروں گا،کوئی غلطی کی ہو تو معافی مانگوں گا،عدالت نے مصطفی کمال کا کیس تفصیل سے سنا ،باری آئے گی تو ہی بتا سکتا ہوں،عدالت ،ججز کی عزت کرتا ہوں، انصاف کا نظام ٹھیک ہو گیا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما مصطفی کمال نے کہا سود پرشرعی عدالت کے فیصلے کیخلاف16بینکوں نے حکم امتناعی لیا ،سودی نظام سے ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی، پریس کانفرنس میں سود کیس کی طرف توجہ دلائی تھی۔