اشیاءخورونوش کی مہنگے داموں فروخت، وزیراعلیٰ افسران کو ٹھنڈے کمروں سے نکال کر فیلڈ میں بھیجیں: شہری

لاہور (سروے رپورٹ: نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد) حکومت کی طرف سے بیکری آئٹمز سمیت چاول، گوشت اور دیگر اشیاءخورونوش کو سستا کرنے کے دعوے پر عوام پھٹ پڑے اور کہا کہ کوئی ایک دکان یا جگہ بتا دیں جہاں یہ چیزیں سستی ملتی ہوں۔ روز نامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے علی ٹاﺅن کے رہائشی فرقان اسلم نے کہا کہ ڈبل روٹی رس اور دیگر بیکری آئٹم کس بیکری نے سستی کی ہیں جبکہ میدے کی بوری 1300 سے کم ہو کر 5000 روپے کی ہو گئی ہے مگر کسی بیکری نے کسی بھی چیز کی قیمت کم نہیں کی۔ ٹھوکر نیاز بیگ کے رہائشی فہیم بھیا نے کہا کہ ایک بیکری والوں کا اپنا میڈیا ہاﺅس ہے جب میں نے ڈبل روٹی اور رس سستے داموں فروخت کرنے کی بات کی تو انہوں نے مجھے دھکے دیکر بیکری سے باہر نکال دیا اور کہا کہ جاﺅ جہاں مرضی شکایت کرو ریٹ کم نہیں کریں گے۔ ہنجر وال کے رہائشی جاوید اقبال نے کہا کہ پرائس کنٹرول کرنے والے افسران اے سی کمروں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہیے کہ انتظامی افسران کے کمروں کو تالے لگوا کر انہیں زبردستی فیلڈ میں قیمتیں کم کروانے کیلئے ڈیوٹی لگائیں۔ وحدت روڈ کے رہائشی جمال فاروقی نے کہا کہ قیمتیں صرف فیس بک پر کم ہوئی ہیں باقی ہر دکاندار اپنی مرضی کر رہا ہے۔