لاہور ( خبر نگار ) صوبائی دارالحکومت کے ماسٹر پلان پر اثر انداز ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن نئے چیف افسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے بڑا چیلنج بن گیا، سابق چیف افسر اقبال فرید کو لاحق طبی مسائل کے باعث انتظامی امور کنٹرول سے نکل گئے تھے جس کے باعث غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ عروج پکڑ گیا، تاہم اب علی عباس بخاری کی بطور چیف افسر دوبارہ واپسی سے یہ توقع کی جارہی ہے کہ غیر قانونی تعمیرات جیسے سنگین مسائل پر قابو پا لیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آٹو مارکیٹ شیرانوالہ گیٹ کے سامنے وسیع و عریض پلازے کی غیر قانونی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، دوکنال سے زائد رقبہ پر محیط پلازے کی 2020ءمیں تعمیر شروع ہوئی تھی جس کے اب تک چار منزلیں مکمل ہوچکی ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مذکورہ پلازے کی غیر قانونی تعمیر کے عوض مختلف ادوار میں راوی زون میں تعینات رہنے والے انفورسمنٹ اور بلڈنگ انسپکٹرز نے لاکھوں روپے رشوت وصول کی، اب بلڈنگ انسپکٹر عرفان نے مبینہ طور پر 10 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی تھی جو پوری نہ ہونے پر مالکان کے خلاف تھانہ لاری اڈہ میں استغاثہ جمع کرا دیا گیا مگر نا معلوم وجوہات کی بناءپر ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی مقدمہ درج نہ ہوسکا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ میٹروپولیٹن افسر پلاننگ چوہدری سلیم پر بھی مذکورہ پلازے کی غیر قانونی تعمیر پر سہولت کاری فراہم کرنے کا الزام ہے، البتہ تمام تر صورتحال کی وجہ سے سارا نقصان بلدیہ عظمیٰ کے خزانے کو پہنچا ہے، جسے نقشہ اور کمپوزیشن فیس کی مد میں لاکھوں روپے کی آمدن سے محروم ہونا پڑا۔ نئے چیف افسر علی عباس بخاری کی دوبارہ واپسی سے مذکورہ پلازے کے خلاف ایکشن کس حد تک ممکن ہو سکے گا یہ آنے والا وقت فیصلہ کریگا۔
غیرقانونی تعمیرات نئے سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے بڑا چیلنج،شیرانوالہ گیٹ آٹو مارکیٹ کی پشت پرپلازے کی تعمیر



















