ٹریبونل کو کیس مارک کرنے کا الیکشن کمیشن کے اختیار کا نوٹیفکیشن کالعدم، چیف جسٹس کو برتری حاصل ہے:لاہور ہائیکورٹ

لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو چیف جسٹس کے نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب میں اضافی ٹریبونلز کے ججز تعینات کرنے کا حکم دےدیا،لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ٹریبونلز ججز کی تعیناتی سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سلمان اکرم اور عمر ہاشم کی درخواستوں کو منظور کر لیا، درخواستوں میں اضافی ٹریبونلز بنانے کی استدعا کی گئی تھی،درخواست گزاروں کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ اور خیبرپختونخوا میں 5،5 ، بلوچستان میں 3 الیکشن ٹریبونل تشکیل دیئے ہیں تاہم پنجاب کےلئے صرف 2 الیکشن ٹریبونل تشکیل دیئے گئے ہیں،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اضافی الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کیلئے خط لکھا لیکن ٹریبونلز نہیں بنائے گئے، عدالت سے استدعا ہے الیکشن کمیشن کو انتخابی عذرداری کےلئے اضافی ٹریبونلز بنانے کا حکم دیا جائے،عدالت نے الیکشن کمیشن کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے نوٹی فکیشن کے مطابق ٹریبونلز کے ججز تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ٹریبونلز کو انتخابی حلقے دینا چیف جسٹس کا اختیار ہے مزید برآںلاہور ہائیکورٹ نے ٹریبونلز کی تشکیل سے متعلق سلمان اکرم راجہ کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،فیصلے میں کہا گیا ایک ہفتے میں الیکشن کمیشن 6 ججز کا بطور الیکشن ٹریبونل تقرر کرے، عدالت نے ٹریبونل کو کیسز مارک کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے اختیار کا نوٹیفکیشن بھی کا لعدم قرار دےدیا،تحریری فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن کا 26 اپریل کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز سے مترادف ہے، جسٹس شاہد کریم کا فیصلہ 26 صفحات پر مشتمل ہے، سلمان اکرم راجہ کی جانب سے بیرسٹر سمیر کھوسہ نے دلائل دیئے،فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نامزد کردہ ججز کو بطور ٹریبونل تعینات کرنے کا پابند ہے، اگر چیف جسٹس کسی جج کے نام کو واپس لے لیتے ہیں تو الیکشن کمیشن اس جج کا تقرر مت کرے،تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا اگر الیکشن کمیشن عدالتی حکم کے باوجود الیکشن ٹریبونل کا تقرر نہ کرے تو لاہور ہائیکورٹ آفس اس معاملے کو چیف جسٹس کے سامنے پیش کرے، الیکشن ٹریبونل کے معاملے میں ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو الیکشن کمیشن سے برتری حاصل ہے۔