لاہور(اپنے نمائندے سے )چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی زیرصدارت اجلاس میں سرگودھا میں توہین قرآن اور مشتعل ہجوم کے مسیحی خاندانوں پر حملوں کی مذمت کی گئی،اسلامی نظریاتی کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے توہین قرآن اور مسیحی خاندانوں پر حملے کرنے والے افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے، اس قسم کے جرائم کے فیصلوں کےلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں،اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا عوام میں یہ رجحان بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیا جائے، ایسا کرنا قرآن و سنت اورآئین پاکستان اورمتفقہ قومی دستاویز ”پیغام پاکستان“ کےخلاف ہے،اعلامیہ کے مطابق اگر کوئی قانون ہاتھ میں لیتا ہے تو ریاست کو اس کےخلاف فوری اقدام اٹھانا چاہیے،اعلامیہ کے مطابق کونسل کے اجلاس میں سزا یافتہ مجرم کی سزا معافی سے متعلق سپریم کورٹ سے موصولہ سوالات پر بھی غور کیا گیاجبکہ لاہور ہائیکورٹ سے آئے ہوئے طلاق یافتہ بیٹی کے نفقہ سے متعلق سوالات پر بھی غور کیا گیا۔
توہین قرآن،مسیحی خاندانوں پر حملے کرنیوالوں کو قرار واقعی سزا دی جائے:اسلامی نظریاتی کونسل



















