ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،میاں ذیشان رفیق
سیالکوٹ :(رانا سلیم اختر)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مفاد عامہ میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ترجیحات میں شامل ہے تاہم ترقیاتی منصوبوں کو خامیوں سے پاک اور معیار کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ عوام الناس ان سے عرصہ دراز تک مستفید ہوسکیں۔ یہ بات انہوں نے ڈسکہ میں میونسپل کمیٹی ریسٹ ہاوس میں عوامی کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سننے کے دوران کہی۔
رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف، چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عبد الحئی، میان ندیم کے علاوہ سرکاری محکموں کے مقامی حکام، مسلم لیگ ن کے عہدیداران اور ورکرز بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈسکہ شہر کو مسائل سے پاک کرنے اور شہریوں کا معیارزندگی بہتر بنانے کیلئے نکاسی کے جامع منصوبے پر کام جاری ہے، ڈسکہ شہر کو تین زون میں تقسیم کردیا گیا ہے جہاں نئی سیور لائنز اور ڈرینز تعمیر کی جارہی ہیں وہی پر پہلے سے موجود سیور لائنز اور ڈرینز کی ڈی سلٹنگ جارہی ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ عیدالاضحٰی کی آمد آمد ہے، مویشیوں کی فروخت کے لئے آنے والے بیوپاریوں کے لئے ہر صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گی اور منڈیوں میں ہر ممکن سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔



















