جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہین عدالت کیس میں معاونین مقرر

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہین عدالت کیس میں عدالتی معاونین مقرر کردیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر پر مشتمل عدالت عالیہ کے لارجر بنچ نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہین عدالت کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا،عدالتی حکم نامے میں کہا گیا جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہین ِعدالت کی کارروائی شروع کی گئی ، وقاص ملک ایڈووکیٹ ، صحافی مطیع جان اور طلعت حسین کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے ، آئندہ سماعت سے قبل فریقین جواب عدالت میں جمع کرائیں۔

عدالت نے حکم میں کہا پیمرا وقاص ملک کے انٹرویوز کا ٹرانسکرپٹ تیار کرے اور آئندہ سماعت سے قبل جمع کرائے، عدالت نے سینئر صحافی حامد میر ، صدر پی ایف یو جے ، سینئر قانون دان احمر بلال صوفی ، سید احمد حسن شاہ کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے توہین عدالت کیس کی آئندہ سماعت 30 مئی کو مقرر کردی۔