لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ خصو صی طلبا وطا لبات کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنا انکی اوّلین تر جیح ہے۔یہ بات انہوں نے پنڈی گھیب میں سپیشل ایجو کیشن سکول کے دورے کے موقع پر کہی۔سکول کے دورے کے دوران ملک ریاست علی سدریال، اسسٹنٹ کمشنر ملک نور زمان،ایس ڈی پی او پنڈ گھیب اصغر گورایہ،پرنسپل غزالہ یاسمین اور دیگر متعلقہ افسرا ن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وہ خود حکو متی سطح پر سکول کی بہتری کیلئے کاوشیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خصو صی طلبا وطا لبات ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی بہتری اور فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔گورنر پنجاب نے سکول کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔ملک ریاست علی سدریال نے گورنر پنجاب کی جانب سے سکول کو پانچ لاکھ روپے عطیہ کر نے کا اعلان کیا۔ سکول کی پرنسپل غزالہ یاسمین نے گورنر پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنرل (ر)عارف کے بھرپورتعاون اورحوصلہ افزائی سے یہ سپیشل ایجوکیشن سکول پنڈگھیب دوکروڑروپے کی لاگت سے 2022میں قائم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکول 6 کنال کے رقبے پرمشتمل ہے جس کی پہلی منزل اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کی گئی ہے اور دوسری منزل کی تعمیر کیلئے تگ و دو جاری ہے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سابق وائس چیئر مین ملک عبیداللہ طاہر اور معروف سیاسی و مذہبی شخصیت حافظ طلحہ زبیر کے زیر اہتمام پنڈی گھیب میں ایک ظہرانہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تحصیل پنڈی گھیب پنجاب کی سب سے پرانی اور پسماندہ تحصیل ہے جس کا ضلع بننے کا حق سب سے زیادہ ہے اور اس کو ضلع بنانے کیلئے بھرپور کوشش کرونگا لیکن اس کے ساتھ ساتھ اگر یہاں سے منتخب لیگی ممبران اسمبلی پنجاب اسمبلی میں اس کیلئے آواز اٹھاتے ہوئے ایک قدم اٹھائیں گے تو میں دو قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے دروازے پر انہیں ملوں گا۔ امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 4 ملک ریاست سدھریال آصف علی ملک ایڈووکیٹ حاجی اختر غریبوال فیصل شہزاد ایڈووکیٹ(صدر بار ایسوسی ایشن)بھی موجود تھے۔ ایک سوال کے جواب میںگورنر پنجاب نے کہا کہ ہتک عزت قانون پر تفصیلی غوروفکر کرنے اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا جائزہ لیکر اور مشاورت کے ساتھ اس پر فیصلہ کیا جائے گا۔اس موقع پرمقامی صحافی نے گورنر پنجاب کی توجہ پنڈی گھیب میں سوئی گیس کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی جانب کرائی توگورنر پنجاب نے اس پر نوٹس لینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
خصو صی طلبہ کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنا اوّلین تر جیح ہے: گورنر پنجاب



















