اسلام آباد:(بیورورپورٹ) شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس میں سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی، ایم آئی،ڈائریکٹرآئی بی،وزیر قانون،سیکرٹری دفاع وداخلہ طلب،اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا،جسٹس محسن اختر کیانی نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ اردو میں جاری کیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتہ افراد کے تمام کیسز براہ راست نشر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی ، ایم آئی ، ڈائریکٹر آئی بی ، وزیر قانون ، سیکرٹری دفاع و داخلہ کو 29 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا مغوی اگر آئندہ تاریخ سے قبل بازیاب ہو جائے تو رجسٹرار آفس کو تحریری رپورٹ پیش کی جائے۔
قبل ازیں جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کیس پر سماعت کی،اٹارنی جنرل نے کہاکچھ سی ڈی آرز ملی ہیں، ٹریس کر رہے ہیں، جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا آپ کہہ رہے ہیں ریاست ناکام ہو چکی ؟،اٹارنی جنرل نے جواب دیا ابھی ریاست ناکام نہیں ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے ریکور کرنا ریاست کی مجبوری ہے ورنہ ریاست کی ناکامی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا سیکرٹری دفاع آئے ہیں؟ اٹارنی جنرل نے کہا سیکرٹری دفاع نہیں آئے، آرڈر نہیں تھا لیکن آجائیں گے،سیکرٹری دفاع آئندہ سماعت پر پیش ہوں اور آئی ایس آئی کی ورکنگ سمجھائیں،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا آئی ایس آئی میں سیکٹر کمانڈر اور ماتحت کتنے افراد ہوتے ہیں؟ اب ایجنسیز کہیں چھپ کر نہیں بیٹھیں گی، ورکنگ کی ٹرانسپیرنسی بہت ضروری ہے، امن و امان کی صورتحال خراب ہورہی ہے،پولیس والے ماریں کھاتے ہیں وردی بھی پھڑاتے ہیں اگر ادارے جوابدہ نہ ہوں اور آپ جوابدہ بھی نہ کر سکیں تو کیا ہو گا؟ ایجنسیز کا بھی ایک سٹرکچر ہو گا، کوئی کسی کو تو جوابدہ ہو گا، سارے سوال سمجھنے اور ججمنٹ میں دینے ہیں،عدالت نے کہااب آدمی کا ریکور ہونا پیچھے رہ گیا ،کچھ چیزیں طے کریں گے، لاپتہ افراد کیس میں اب سیکٹر کمانڈر کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا، پولیس افسر بیان لے کر ضمنی لکھے گا،سیکرٹری دفاع آ کر سمجھائیں آئی ایس آئی ڈیٹا کیسے جمع کرتی ہے،بتایا جائے سیکٹر کمانڈر کے نیچے کتنے لوگ کام کرتے ہیں؟۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ماننا ہے سارے ادارے قوم کو جواب دہ ہیں، دوسرے اداروں کے لوگوں سے پوچھیں تو کبھی معطل ہوئے ہیں، کبھی نہیں ہوئے ہوں گے مگر پولیس والا بتائے گا 24، 38 بار معطل ہوا ہوں، اب پورے پاکستان میں لاپتہ ہونےوالے افراد کیلئے میکانزم بنائیں گے، جج نے قانون دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے، بندہ بازیاب کر لینا معاملے کا حل نہیں، اگلی تاریخ میں بتائیں کون سے قانون کے ذریعے ایجنسی ریگولیٹ ہوتی ہے۔
عدالت نے کہاجو پروٹیکٹڈ انفارمیشن ہوتی ہے جج شیئر نہیں کرتا، مسنگ پرسن کیس میں سیکرٹری دفاع و سیکرٹری داخلہ کو کروڑ، کروڑ روپے جرمانہ کیا تھا، کبھی نہیں دیکھا کسی عدالت نے دہشت گرد کو ضمانت دی ہو، 10 دن ہو گئے ، پتہ نہیں بچارے کا کیا حال ہو گا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے عدالتی معاونین بھی مقرر کیے جائیں گے، صحافیوں میں سے بھی ہوں گے، سابق آئی جیز کو بھی دعوت دوں گا،عدالت نے استفسار کیا ایس ایس پی آپریشنز کہاں ہیں، ایس ایس پی آپریشنز عدالت میں پیش ہو گئے،ایس ایس پی آپریشنز نے عدالت کو بتایا لوکیشن ٹریس کر لی ،ٹیم وہاں پر موجود ہے، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے آپ کس ایجنسی کی معاونت حاصل کر رہے ہیں، ایس ایس پی آپریشنز نے کہاپولیس آئی بی سے معاونت حاصل کر رہی ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے پوچھا آئی ایس آئی ،ایم آئی شامل نہیں؟،اپنی عدالت کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کر لیا، میڈیا کو بالکل رپورٹ کرنے کی اجازت ہے، پیمرا کا آرڈر میرے سامنے نہیں،آئندہ عدالت کی کارروائی لائیو دکھائیں گے،مسنگ پرسنز کے کیسز لائیو دکھانے کا آرڈر جاری کروں گا۔
عدالت نے کہابہت مشکل وقت ہے، سب ایک آدمی نہیں بلکہ پورے ملک کےلئے کھڑے ہیں، 3سالوں میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، ایک ٹیم جو کام کر کے گئی تھی دوسری ٹیم نے اسے ملزم بنا دیا ،جبری گمشدگی کمیشن کے رجسٹرار کو بلایا تھا افسوسناک کارکردگی ہے وہ ادھر سے مان بھی رہے ہوتے ہیں اور بندہ بھی نہیں چھوڑ رہے ہوتے، کمیشن ان کے ہی رحم و کرم پر ہوتا ہے، جب وہ چھوڑ رہے ہوتے ہیں ادھر سے آرڈر آ جاتا ہے، کیا کوئی مثال ہے کسی انٹیلی جنس افسر کو پراسیکیوٹ کیا گیا ہو؟ نہیں ایسا نہیں ۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے استثنیٰ ہی ختم کرنا ہے یا تو ایجنسیوں کو قانون سازی کر کے 6، 6 ماہ کا اختیار دےدیں،اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا آئین میں اجازت نہیں ،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا آئین ان باقی چیزوں کی اجازت بھی نہیں دیتا جو ہو رہی ہیں،عدالت نے ایس پی آپریشنز کو سیکٹر کمانڈر کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاسیکٹر کمانڈرآئی ایس آئی ، ایم آئی ، ڈائریکٹر آئی بی ، وزیر قانون ، سیکرٹری دفاع و داخلہ اگلی سماعت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،میرا ماننا ہے سیکٹر کمانڈر ایک ایس ایچ او کے برابر ہے، بعد ازاں عدالت نے سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔
شاعر بازیابی کیس،سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی، ایم آئی ،سیکرٹری دفاع وداخلہ طلب



















