پاکستان ایسی ٹیم بنے گی جس پر چاہنے والے فخر کریں گے: جیسن گلیسپی

لیڈز (مشرق نیوز) پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستان ایسی ٹیم بنے گی جس پر پاکستانی فینز فخر کریں گے،ہیڈ کوچ کے ساتھ سلیکٹر کے رول کےلئے بھی تیار ہوں، یہ نیا تجربہ ہوگا،اگر کھلاڑی کی بہتری اس کو ریسٹ دینے میں ہے تو اس کو ریسٹ دیا جائے گا۔ایک انٹرویو میں جیسن گلیسپی نے کہاکہ اندازہ ہے کہ پاکستان ٹیم میں توقعات کا بوجھ ہوتا ہے، میں کافی حقیقت پسند ہوں، راہ میں کہیں کہیں رکاوٹیں آتی ہیں، میرا کام ان رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کامیابی کےلئے سب سے اہم چیز تسلسل اور ڈسپلن ہے،میری موجودگی میں پاکستان ٹیم میں تسلسل اور ڈسپلن کی اہمیت ہوگی۔ہیڈ کوچ پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم نے کہاکہ ہر ٹیم اپنی صلاحیتوں کے مطابق کرکٹ کھیلتی ہے، کھلاڑیوں سے اس موضوع پر بات کروں گا کہ ہمیں کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم دوسروں کے سٹائل دیکھنے کی بجائے دوسروں کو اپنا اسٹائل دکھانا چاہتے ہیں،اگر ہم تسلسل اور ڈسلپن کو اپنا لیں تو بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو دلچسپ کرنے کیلئے صرف رن ریٹ کی ضرورت نہیں ہوتی،کنڈیشنز اور حریف کو جانچے بغیر ہم پانچ رنز فی اوور کی اوسط پر نہیں جاسکتے، یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنی پلاننگ کنڈیشنز اور حریف کے مطابق کریں۔