چیف جسٹس ذاتیات پر اتر آئے،انتظامی کمیٹی کے دیگر جج صاحبان مذاکرات کا ماحول پیدا کریں :پنجاب بار کونسل

لاہور (کورٹ رپورٹر) پنجاب کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے کہا ہے کہ کالے کوٹ کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے انٹرپروونشل بارز کونسلزکا اجلاس بلایا جارہا ہے، موجودہ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ ذاتیات پر اتر آئے ہیں اور انہوں نے ضد اور اناءکی وجہ سے مذاکرات کا دروازہ بند کر دیا ہے ،ہماری انتظامی کمیٹی کے دیگر جج صاحبان سے درخواست ہے کہ وہ مذاکرات کا ماحول پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ،ہماری مذاکرات کیلئے تجویز ہے کہ بیشک نوٹیفکیشن واپس نہ کریں لیکن کورٹ کا کلیسٹر ایک کر دےں ۔ اپنے بیان میں پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے کہا کہ کالے کوٹ کی عزت اور اتحاد ایک کاز ہے اور اس کیلئے ہم کسی طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، آج وکلاءبرادری کیلئے ڈو اینڈ ڈائی والی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی عہدے پر بیٹھا ہوا شخص ذاتیات پر اتر آتا ہے تو اس سے انصاف دینے کی استطاعت ختم ہو جاتی ہے، اس سے معاشرے میں بد امنی پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی اپنی کام جاری رکھے گی ، ہم کسی کو وکلاءکاز کو بیچنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔وکلاءکالے کوٹ کی عزت کو بچانے کیلئے اکٹھے ہیں اور اس کاز کے ہم ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، ہم اجتماعی مفادات کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بہت سارے ادارے اس درپے پر ہیں کہ وکلاءکی آواز جو اس ملک میں حق سچ کی واحد آواز رہ گئی ہے جو جمہوری قوتوں، آئین و قانون کی حکمرانی کی بات کرتی ہے اس کو دبایا جائے اور اس کو تقسیم کیا جائے، متنازعہ نوٹیفکیشن بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کامران بشیر مغل نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مذاکرات کا دروازہ بند نہ کریں ہم مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہیں ، ہماری تجویز ہوگی بیشک نوٹیفکیشن واپس نہ کریں لیکن کورٹ کا کلیسٹر ایک کردےں، نیوجوڈیشل کمپلیکس میں جو چیمبرز الاٹ ہوئے ہیں ہم وہ دینے کو تیار ہیں، عدالتیں وہاں شفٹ کردیں لیکن وکلاءکو تقسیم نہ کریں، عدالتیں تقسیم ہوجاتی ہیں، کلیسٹر ایک جگہ ہونی چاہئے، یہی ہمارا لائحہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں اس تحریک میں جو لیڈر وکیل کاز کو بیچے گا اسکے ماتھے پر تاحیات کلنک کا ٹیکہ لگ جائیگا، ہمیں چاہیے کہ ہم متحد رہیں اور ہم نے اپنے اتحاد سے اس کاز کو جیتنا ہے، ہم نے وکلاءکی عزت کیلئے مضبوط اتحاد کی مثال قائم کرنی ہے۔