لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور مین گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے اپنے ہم منصب کو گورنر ہاوس لاہور میں خوش آمدید کہا اور گورنر بلوچستان کا منصب سنھالنے پر انہیںمبارکباد دی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی مجموعی صورتحال سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ ملک میں استحکام کیلئے اتحادی حکومت کو مضبوط بنانا اور اس کا چلنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں مسلم لیگ(ن)کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہو گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن سمیت تمام پارٹیوں کو ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے ایک پیج پر ہونا چاہئے۔ گورنر پنجانے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ ملک کے معاشی اشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان رابطے بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کروں گا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی بہتری،ترقی اور امن و امان ترجیح ہے۔دریں اثنا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد کے ارکان نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دریں اثناءگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خوشاب مناواں روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ گورنر پنجاب نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔ اُنہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔ گورنر پنجاب نے حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔
ملکی استحکام کیلئے اتحادی حکومت کو مضبوط بنانا اور اسکا چلنا ضروری ہے :گورنر پنجاب



















