لاہور: (کورٹ رپورٹر)ماتحت عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کےلئے حکومت کو 3ہفتے کی مہلت ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیئے قانون کے مطابق ججز کی تقرریاں کی جاتیں تو معاملہ یہاں تک نہ آتا۔
لاہور ہائیکورٹ میں انسداد دہشتگری عدالت ون راولپنڈی سے کیسز دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت ہوئی، ججز تعینات کرنے والی کمیٹی کے ممبران مریم اورنگزیب، مجتبیٰ شجاع الرحمن و دیگر پیش ہوئے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا حکومت پنجاب نے راولپنڈی، لاہور اور فیصل آباد میں اے ٹی سی کورٹس میں ججوں کے تقرر کےلئے رجسٹرار کو خط لکھے، اے ٹی سی گوجرانولہ لیبر کورٹس میں ججوں کی تقرری کیلئے رجسٹرار کو3،3نام بھیجے،قانون کی منشا کے مطابق ججوں کے پینل کے نام بھجوائے،صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عدالت کو حکومتی موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہاشفاف طریقے سے ججوں کی تقرریاں کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر قانون پنجاب صہیب احمد نے کہا قانون کے تحت ججوں کی تقرریاں ہوں گی،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے استفسار کیا آپ نے ججوں کی تقرریوں کی بابت بار بار کیوں یقین دہائی کرائی ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیاپراسس مکمل کرنے کے بعد رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھا گیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے وزیر اعلیٰ نے کبھی مجھ سے مشاورت کےلئے کہا؟ کیس میں نوٹس کیے اور کئی بار ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بلایا، مجھے آپ لوگوں کو بلانے کا کوئی شوق نہیں، شوق ہوتا تو پہلے روز چیف منسٹر کو بلا لیتا، سیاست دان انتہائی قابل احترام ہیں، سسٹم تو چلتا رہے گا لیکن کیا کریں لوگ چیختے ہیں فیصلے کریں، ججز تعینات ہوں گے تو فیصلے ہوں گے،مریم اورنگزیب نے کہا حکومت پنجاب نے کمیٹی بنا دی ، آپ ججوں کا پینل دے دیں اس میں سے ججوں کا تقرر کر دیں گے۔
جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کہا قانون میں کہاں لکھا چیف جسٹس حکومت کو ججوں کا پینل دے گا، آپ مجھ سے غیر قانونی ڈیمانڈ نہ کریں،چیف جسٹس نے استفسار کیا اے ٹی سی ججوں کی تقرری کتنے دنوں میں ہونی ہے، فیصلے کتنے روز میں ہونے ہیں ،وزیر قانون نے جواب دیا 7روز میں فیصلہ کرنا ضروری ہے، بعد ازاں سیکرٹری قانون پنجاب نے عدالت میں ججوں کی تقرری کا طریقہ کار و قانون پیش کردیا،وزیر قانون نے کہاآپ حکومت کو 2یا 3نام دے دیں اس میں سے ایک ایک کو جج لگا دیا جائے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کس قانون کے تحت ججوں کے ناموں کا پینل آپ کو دوں اگر قانون کے مطابق ججوں کی تقرریاں کی جاتی تو معاملہ یہاں تک نہ آتا، آپ ججوں کی تقرریاں کریں، بے شک میرے ساتھ تعاون نہ کریں، قانون اور آئین کی بالادستی چاہتے ہیں،عدالت نے حکومتی کمیٹی سے پیر کے روز تک پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔
ماتحت عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کےلئے حکومت کو 3ہفتے کی مہلت



















