مخلص کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ اور ماتھے کاجھومر ہیں،رانا ثنا

فیصل آباد: (بیورو رپورٹ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنانے کہا ہے کہ مخلص کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں‘ مشکل اور کڑے وقت میں پارٹی کا ساتھ نہ چھوڑنے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں‘ آپ لوگوں نے ہر اچھے اور برے وقت میں پارٹی کے ساتھ وفا کی ہے‘ آپ کی حکومت بھی آپ کو مایوس نہیں کرے گی اور آپ کے انفرادی اور اجتماعی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائے گی‘ میرا ہرممکن تعاون آپ کے ساتھ ہے۔وہ رانا شعیب ٹھاکر چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ فیصل آباد اور انجمن تاجران چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔

وفد کے ارکان نے رانا ثنا کو وزیراعظم کا مشیر برائے سیاسی امور نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا ۔ ٹریدرز ونگ کے عہدیداروں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کا وزیراعظم کا مشیر بننا فیصل آباد کے عوام کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا ہے، امید ہے رانا ثناماضی کی طرح تاجروں کی رہنمائی کریں گے اور ان کے مسائل حل کروائیں گے ۔