سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں کو دینے کا فیصلہ معطل، آئین کی منشاءہے عوامی مینڈیٹ کا تحفظ کیا جائے: سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کےخلاف درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا،14 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے متفقہ طور پر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا تھا،سپریم کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کےلئے دائر اپیل پر سماعت جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 3رکنی بنچ نے کی،سماعت کے آغاز پر وفاقی حکومت نے لارجر بنچ تشکیل دینے کی استدعا کر دی،وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے کہا اپیلیں لارجر بنچ ہی سن سکتا ہے لیکن عدالت نے بنچ پر اعتراض مسترد کر دیا،مخصوص نشستوں پر نامزد خواتین ارکان اسمبلی کی جانب سے بھی بنچ پر اعتراض کر دیا گیا،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے موجودہ کیس آئین کے آرٹیکل 185 کے تحت اپیل میں سن رہے ہیں، موجودہ کیس آرٹیکل 184/3 کے تحت دائر نہیں ہوا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ابھی تو اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ ہونا ہے، قابل سماعت ہونا طے پا جائے پھر لارجر بنچ کا معاملہ بھی دیکھ لیں گے،دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا سیاسی جماعت کو جیتی ہوئی نشستوں کے تناسب سے مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں،کہاں لکھا ہے انتخاباتی نشان نہ ملنے پر سیاسی جماعت الیکشن نہیں لڑ سکتی؟،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا قانون میں کہاں لکھا ہے بچی ہوئی نشستیں انہی سیاسی جماعتوں میں تقسیم کی جائیں گی، ہمیں عوامی مینڈیٹ کی حفاظت کرنی ہے، اصل مسئلہ ہی عوامی مینڈیٹ ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے انتخاباتی نشان نہ ملنے پر وہ سیاسی جماعت الیکشن نہیں لڑ سکتی؟،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا یہی سوال لے کر الیکشن سے قبل میں عدالت گیا تھا جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ایک بات تو طے ہے جس جماعت کی جتنی نمائندگی ہے اتنی ہی مخصوص نشستیں ملیں گی،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے یہ کیسے ممکن ہے کسی کا مینڈیٹ کسی اور کو دےدیا جائے؟،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا پہلی بار ایسا ہوا کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کر دیا گیا،بعدازاں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن حکام کو ریکارڈ سمیت فوراً طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ساڑھے 11 بجے تک کیلئے وقفہ کر دیا،کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل اور ڈی جی لاءالیکشن کمیشن عدالت میں پیش ہوئے،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے ایک سوال ہے کیا بانٹی گئی نشستیں دوبارہ بانٹیں جا سکتی ہیں؟ دوسرا یہ کہ مخصوص نشستیں اس لیے بانٹی گئیں کہ ہاو¿س پورا ہو، اس میں کہاں غلطی ہے؟،اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کسی امیدوار نے سیاسی جماعت جوائن نہیں کی تھی جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا آزاد امیدواروں کی نشستیں دیگر جماعتوں کو بانٹی جاسکتی ہیں؟،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا آئین پاکستان کا آغاز بھی ایسے ہی ہوتا ہے کہ عوامی امنگوں کے مطابق امور انجام دیئے جائیں گے،کیا دوسرے مرحلے میں مخصوص نشستیں دوبارہ بانٹی جا سکتی ہیں؟،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے اگر مزید کچھ سیٹیں بچ جائیں ان کا کیا کرنا ہے؟،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا سیاسی جماعتیں اپنے تناسب سے تو نشستیں لے سکتی ہیں، باقی نشستیں انہیں کیسے مل سکتی ہیں؟ کیا باقی بچی ہوئی نشستیں بھی انہیں دی جا سکتی ہیں؟ قانون میں ایسا کچھ ہے؟،جسٹس منصور علی شاہ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا اگر قانون میں ایسا نہیں تو پھر کیا ایسا کرنا آئینی سکیم کے خلاف نہیں؟،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کیا الیکشن کمیشن نے سوموٹو اختیار سے بچی ہوئی نشستیں دوبارہ انہیں جماعتوں کو نہیں دی؟،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا جو کام ڈائریکٹ نہیں کیا جاسکتا وہ ان ڈائریکٹ بھی نہیں ہو سکتا، ایک سیاسی جماعت کے مینڈیٹ کو ان ڈائریکٹ طریقے سے نظر انداز کرنا کیا درست ہے؟،بعدازاںسپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں کو دینے سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا اور سنی اتحاد کونسل کی اپیلیں سماعت کےلئے منظور کر لیں۔