اعلیٰ عدالتوں میں ججزتعیناتی کا طریقہ کار تبدیل کرنے کیلئے آئینی ترمیم پرکام شروع

اسلام آبا:د(بیورورپورٹ)اعلیٰ عدالتوں میں ججزتعیناتی کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ ،حکومت نے آئینی ترمیم پرکام شروع کردیا ،ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ممکنہ ترمیم پر ججز تقرری جوڈیشل کمیشن اراکین کو بھی آگاہ کردیا ،آئینی ترمیم سے جوڈیشل کمیشن کی ہیئت بھی تبدیل ہونے کا امکان ہے ، آئینی ترمیم زیر غور ہونے پر ہی رولز میں ترمیم پر بحث موخر کی گئی۔

دوسری جانب جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت ہوا، جسٹس منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر ،جسٹس امین الدین خان ،جسٹس یحییٰ آفریدی ،چاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے بھی شرکت کی،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور جسٹس ریٹائرڈ منظور ملک بھی اجلاس میں خصوصی طور پر شریک رہے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں جوڈیشل کمیشن رولز میں ترمیم کا فیصلہ نہ ہوسکا، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔