گندم کی امدادی قیمت کیلئے عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہئے: صدر ایف پی سی سی آئی

کراچی (بیورو رپورٹ) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کیلئے گندم کی امدادی قیمت جاری رہنی چاہیے کیونکہ انہیں اپنی فصلوں کی ضمانت شدہ فروخت کیلئے سپورٹ میکنزم کی ضرورت ہے تاہم یہ مالی بوجھ عوام پر مہنگے گندم کے آٹے کی شکل میں منتقل نہیں کیا جانا چاہیے جوکہ پاکستان کے لوگوں کیلئے سب سے اہم غذائی جزو ہے۔سنیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں نے وضاحت کی کہ نجی شعبہ گندم اس وقت درآمد کرتا ہے جب گندم کی طلب اور رسد میں فرق ہوتا ہے۔ دوسری صورت میں ملک میں یہ فرق گندم کی قلت کا باعث بن سکتا ہے اور ملک کیلئے غذائی تحفظ کے مسائل اور قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام کا استحصال ہو تا ہے۔ واضح رہے کہ نجی شعبے کو گندم کی قلت پر قابو پانے کیلئے ستمبر 2023 سے گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی تاکہ ذخیرہ اندوزی کو روکا جا سکے اور آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جا سکے۔ ثاقب فیاض مگوں نے بتایا کہ حکومت کے اپنے اندازوں کے مطابق اس سال گندم کی 25 لاکھ ٹن کی کمی تھی۔ جبکہ آزاد ذرائع نے اس کمی کو 30 لاکھ ٹن بیان کیا لہٰذا قومی غذائی تحفظ کی وزارت اور کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) دونوں نے نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دی لیکن اس میں کسی قسم کی سبسڈی شامل نہیں تھی۔ ای سی سی نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے گندم کی درآمد کیلئے ایل سی کھولنے کیلئے بھی کہا۔ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے گندم درآمد کنندگان یا نگران حکومت کو سپلائی کے خسارے کو پورا کرنے کا الزام دینا ناانصافی ہے بجائے اسکے کہ ان کی بروقت درآمدات کو سراہا جاتا۔جبکہ گندم کے درآمد کنندگان نے حکومتی پالیسیوں اور ضابطوں کے مطابق گندم درآمد کی ہے لہٰذ ان کی نیت پر شک کرنا نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ ملک کے غذائی تحفظ کے مستقبل کیلئے بھی نقصان دہ ہے۔ ثاقب فیاض مگوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت پائپ لائن میں موجود گندم کی درآمدات بھی حکومتی پالیسیوں اور تمام قابل اطلاق ٹیکسز اور ڈیوٹیوں کی مکمل تعمیل کے تحت کی جا رہی ہیں۔ مزید برآں اگر ہم گندم جیسی ضروری اور انتہائی اہم اشیاءکے درآمد کنندگان کو ہراساں کرتے ہیں تو درآمد کنندگان مستقبل میں ایسے کسی بھی بحران کے وقت اپنا اہم کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہونگے۔ ثاقب فیاض مگوں نے مزید کہا کہ بروقت درآمد کی وجہ سے لوگوں کو پچھلے 5-6 ماہ میں گندم یا آٹے کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑااورکافی درآمدات کی وجہ سے آٹے کی قیمت کم رہی کیونکہ درآمد شدہ گندم کی قیمت تقریباً 65 روپے فی کلورہی جبکہ مقامی گندم کی قیمت لگ بھگ 100 روپے فی کلو رہی۔ اس کا مطلب ہے کہ صارفین کوتقریباً 125 ارب روپے کی بچت ہوئی اور مہنگائی میں کمی کا رجحان شروع ہوا۔