کوسٹل گارڈز کو اپ گریڈ ،انسداد سمگلنگ آپریشن پوری طاقت سے آگے بڑھائیں گے،نقوی

کراچی:(بیورورپورٹ)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز کراچی میں پاکستان کوسٹل گارڈز کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، محسن نقوی نے پاکستان کوسٹل گارڈز کے ہیڈ کوارٹر میں انسداد سمگلنگ آپریشن کے دوران ضبط کی جانی والی اشیا دیکھیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انسداد سمگلنگ آپریشن کے دوران ضبط کی گئی بس اور وین کا بھی مشاہدہ کیا،ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈئر غلام عباس نے ضبط شدہ اشیاءاور سمگلنگ کےلئے استعمال ہونےوالے روٹس پربریفنگ دی،وفاقی وزیرداخلہ کو بس کے اندر سمگلنگ والی اشیاءچھپانے والے خفیہ حصے بھی دکھائے گئے، محسن نقوی نے پاکستان کوسٹل گارڈز کے مانیٹرنگ روم کا دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کوسٹل ایریاز کی سرویلنس کے نظام کا مشاہدہ کیا اور انسداد سمگلنگ آپریشن پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیرداخلہ نے پاکستان کوسٹل گارڈز کو انسداد سمگلنگ کےلئے بھرپور آپریشن کا حکم دیا اور پاکستان کوسٹل گارڈز کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاپاکستان کوسٹل گارڈز کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائےگا،انسداد سمگلنگ کےلئے کوسٹل گارڈز کو اہم کردار کرنا ہے،کوسٹل ایریاز سے سمگلنگ روکنے کےلئے پاکستان کوسٹ گارڈز کو مزید متحرک کردار کرنا ہے، کم وسائل کے باوجود کوسٹل گارڈز کی کارکردگی بہترین ہے۔

محسن نقوی نے زیر پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہواوفاقی سیکرٹری داخلہ، پاکستان کوسٹ گارڈز کے اعلیٰ حکام اور افسران نے اجلاس میں شرکت کی، وزیرداخلہ نے کہا انسداد سمگلنگ آپریشن معیشت کے استحکام کےلئے ضروری ہے، فورس سے بہت توقعات وابستہ ہیں،پہلے بھی یقین تھا اور اب یقین مزید پختہ ہو گیا پاکستان کوسٹل گارڈز ہی سمگلنگ کو موثر طریقے سے روک سکتی ہے۔

ادھر گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر داخلہ ، چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی، ملاقات میں جاری صورتحال ، امن و امان کے قیام میں سکیو رٹی اداروں کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں بڑوں نے امن و امان کے قیام میں تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار اور جرائم کےخلاف بلا تفریق و دباﺅ اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔