پنجاب، ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کےخلاف کارروائیاں، درجنوں سیل

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب کے مختلف شہروں میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ، ٹائروں کو پگھلانے سے زہریلے دھوئیں اور کیمیائی تعفن پھیلانے میں ملوث درجنوں فیکٹریاں سیل کردی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، مرید کے سمیت مختلف شہروں میں ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کاررائیاں کیں ۔ ای پی اے نے پائیرولیسیس پیدا کرنے والی پلانٹس بند کرادئیے جبکہ کارروائی کا دائرہ بھی مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے ان فیکٹریوں میں کام کرنے والے نوجوان، بزرگ ورکرز کی تصاویر بھی جاری کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ پائیروسیس پیدا کرنیوالی فیکٹریوں کے ورکرز کو کوئی حفاظتی سامان مہیا نہیں جس سے وہ مہلک بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں، ٹائر جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں سے پنجاب میں لوگ دمے، سانس اور پھیپھڑوں کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، 400سے 800درجہ حرارت پر ٹائر اور دیگر نامیاتی اجزا جلانے سے انتہائی زہریلی گیس “کاربن مونو آکسائیڈ“پھیلتی ہے ، یہ فیکٹریاں فضا میں موت پھیلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ٹارگٹ ہے کہ جلد سے جلد پنجاب کی فضا کو ایسے زہر سے پاک کیاجائے جو بچوں سمیت شہریوں کے زندگیوں کو تباہ کر رہا ہے ،یقینی بنانا ہے کہ پانی، ہوا آلودگی سے پاک ہو، زمین سرسبز وشاداب ہو، ماحول بہتر بنا کر صحت کو بہتر بنائیں گے۔دوسری طرف پنجاب بھر میں اینٹی سموگ آپریشن کے تحت سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایت پر سی اینڈ ڈبلیو کے نجی کنٹریکٹر زکو انتباہی نوٹس جاری کیا گیاہے،سی اینڈ ڈبلیو کے نجی کنٹریکٹرزکو عملددرآمد کیلئے تاریخ میں پہلی بارمحکمہ تحفظ ماحول نے نوٹس جاری کیا ہے،نوٹس پرعملدرآمد کرتے ہوئے بابو صابو انٹرچینج سے آپریشن کااغاز کیا گیاہے، ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کو یقینی بنانے کیلئے 7 دن کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر سات دِن میں صورتحال میں تبدیلی نہ لائی گئی تو بھاری جرمانہ عائد کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیںکیونکہ ماحولیاتی آلودگی ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔سموگ پر قابو پانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو یکجان ہو کر کام کرنا ہو گا۔