لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں 100 یونٹ، دوسرے مرحلے میں 200 اور تیسرے مرحلے میں 300تک یونٹ مفت مہیا کئے جائیں گے ،بلدیہ کیلئے نیا نظام متعارف کروائیں گے جو گراس روٹ کی سطح تک خدمات مہیا کریگا،نئے نظام کیلئے کام کا آغاز کر چکے ہیں ،نئے نظام میں لوکل گورنمنٹ کو بھر پور نمائندگی دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے لیبر ہال میں میونسپل کارپوریشن لاہور کے زیر اہتمام لیبر کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے لیبر یونین کے جائز مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے ملازمین اور مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے کی خوشخبری اورمزدوروں ، کسانوں اور طالب علموں کیلئے بڑے پیکیج لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کیلئے 4ارب کا پیکیج لا رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ سرکاری ملازمین، مزدوروں اور مستحقین کو اپنی پہلی ترجیح بنایا ہے ،وزیر اعلی مریم نواز نے وزارت اعلیٰ منتخب ہوتے ہی کابینہ کی تشکیل سے پہلے رمضان نگہبان پیکیج کا آغاز کیا،65 لاکھ گھرانوں بغیر لائنوں میں لگوائے گھروں کی دہلیز پر راشن مہیا کیا گیا ،مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اشیا ئے خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول کیں،آٹے کی قیمت 40روپے کلو تک کم کی گئی ،روٹی اور نان کی اعلان کردہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا گیا،پچھلے دو سے اڑھائی ماہ کے دوران ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف ریکارڈ جرمانے ہوئے۔ انہوںنے کہا کہ ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی رپورٹس نے تائید کی کہ وفاق اور پنجاب میں مہنگائی کی شرح میں 4سے 5 فیصد تک کمی ہوئی، پی ٹی آئی کے دور کے تمام منفی معاشی اشاریوں میں مثبت رجحان پیدا ہوا،70 سال میں ساری حکومتوں نے اتنا قرض نہیں لیا جتنا قرض نہ لینے کے دعویداروں نے اپنے 4 سالہ دور میں لیا،ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے ایک کروڑ لوگوں کو بیروزگار کیا،موجودہ حکومت نا صرف لوگوں کے روزگار بحال کرے گی بلکہ غریب عوام کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں سے نجات کیلئے سولر سسٹم لگائے جائیں گے ،پہلے مرحلے پر 100 یونٹ، دوسرے مرحلے پر200 اور تیسرے مرحلے پر 300تک یونٹ مفت مہیا کئے جائیں گے ۔
نئے بلدیاتی نظام میں لوکل گورنمنٹ کو بھر پور نمائندگی دی جائے : مجتبیٰ شجاع الرحمن



















