امن کی سرحد کوخوشحالی میں بدلیں گے،پاک ایران مشترکہ اعلامیہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)باہمی تجارت 10 بلین ڈالرز تک بڑھانے پر اتفاق،امن کی سرحد کوخوشحالی میں بدلیں گے،ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے 22 سے 24 اپریل 2024 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا،وزیراعظم سے وفود کی سطح پر بات چیت کی،فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ ، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں،معاہدوں پر دستخط کیے گئے،فریقین نے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے اعلیٰ سطح دوروں کے باقاعدہ تبادلے کے ذریعے باہمی روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا،دونوں پڑوسیوں اور مسلم ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی، مذہبی ،تہذیبی تعلقات کو اجاگر کیاگیا،فریقوں نے علمی،ثقافتی ،سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کےلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

فریقین نے تسلیم کیا پاکستان ایران مشترکہ سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہونی چاہیے،خطرات سے نمٹنے کےلئے دونوں ممالک کے سیاسی، فوجی و سکیورٹی حکام کے درمیان باقاعدہ تعاون کا اعادہ،تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیاگیا،سرحدی منڈیوں کے قیام سمیت مشترکہ ترقی پر مبنی اقتصادی منصوبوں کے ذریعے اپنی مشترکہ سرحد کوامن کی سرحد سے خوشحالی کی سرحد میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،مشترکہ اعلامیے میں کہا گیادونو ں ممالک نے بجلی کی ترسیل ،آئی پی گیس پائپ لائن پراجیکٹ ،باہمی تجارت کو اگلے 5سالوں میں 10 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔