گجرات :عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی چھت منہدم ،3مریض جاں بحق،12سے زائد زخمی

گجرات،لاہور: (بیورورپورٹ،ہیلتھ رپورٹر)عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات کی چھت گرنے سے 3 مریض جاں بحق،12 سے زائد مریض زخمی ہوگئے۔

عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے سرجیکل وارڈ کی چھت گرنے سے3مریض جن کی بازی ہار گئے ،12زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،مریض سرجیکل وارڈ میں زیر علاج تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں،ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال میں تزئین و آرائش کے دوران پلرز کو چھوٹے کرنے کوشش کے باعث سرجیکل وارڈ کی چھت کمزور پڑنے سے گری۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نوازنے ہسپتال میں چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، مریم نواز نے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیدیا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا غفلت اور کوتاہی کا ارتکا ب کرنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے ادھرصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتال کی چھت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا افسوس ناک واقعہ کی فوری تحقیقات کرائی جائیں گی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے بھی حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ سی اینڈ ڈیلیو کے متعلقہ افسروں سے پورٹ طلب کر لی، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات نے سی اینڈ ڈبلیوکے ریسرچ ونگ کو انکوائری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مرمت کے حوالے سے حفاظتی انتظامات نہ کرنے والے ذمہ داروں کےخلاف ایکشن لیا جائے گا،مزید برآں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے رہنماﺅں نے کہا ہے سرکاری ہسپتالوں میں تزئین آرائش کے نام پر کروڑوں روپے کھائے جا رہے ہیں، حکومت سے شفاف انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔