کراچی (مشرق نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ وزیراعظم کراچی کے ایک روزہ دورہ کے دوران وزیراعلیٰ ہاوس پہنچے جہاں صوبائی وزرانے شہباز شریف کا استقبال کیا اور وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کیساتھ ون ٹو ون ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کی وزیر اعظم سے سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان ترقیاتی کاموں ودیگر مسائل پر بات چیت ہوئی اور وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کے ساتھ ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی بات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کابینہ ارکان کے ہمراہ کراچی پہنچے جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزرا احسن اقبال، محمد اورنگزیب، خالد مقبول صدیقی اور عطا اللہ تارڑ بھی کراچی پہنچے ہیں۔ بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے، اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
شہبازشریف سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات، وزیراعظم کی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی



















