اسلام آباد:(بیورورپورٹ)فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کےخلاف اپیلوں پر سماعت کےلئے لارجر بنچ بنانے کی درخواستیں منظور،سپریم کورٹ نے معاملہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو بھجوا دیا۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 6 رکنی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کیس پر سماعت کی ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا عید پر فوجی عدالتوں سے 20 ملزم رہا ہو کر گھروں کو جا چکے اعتزاز احسن نے اعتراض اٹھایا سب کچھ بڑی ہی افراتفری میں ہوا، افراد کو بغیر ٹرائل سزا یافتہ قرار دے کر گھر بھیجا گیا، بچہ بھی شامل ہے جو اب منہ چھپاتا پھر رہا ہے، بچے کا ذکر اٹارنی جنرل کی فہرست میں بھی ہے،عدالت نے اٹارنی جنرل کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے ملٹری کورٹس کے فیصلوں کی نقول طلب کر لیں۔
جسٹس ( ر ) جواد ایس خواجہ کے وکیل احمد حسین ، اعتزاز احسن اور سلمان اکرم راجہ نے اپیلوں پر 9 رکنی یا بڑا بنچ بنانے کی استدعا کی،سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا موجودہ کیس کا فیصلہ 5 رکنی بنچ کا ہے اگر 6 رکنی بنچ 2-4 کے تناسب سے اپیل منظور کرلے تو کیا تاثر جائے گا؟، لوگ کہیں گے 5 ججوں کا فیصلہ 4 ججوں نے ختم کردیا، کم از کم 9 رکنی بنچ ہونا چاہئے،جسٹس میاں علی مظہر نے ریمارکس دیئے آپ وہی باتیں کر رہے ہیں جو پہلے 3-4 والی بحث چلی تھی۔
اٹارنی جنرل نے کہا یہ تو نہ ختم ہونے والی بحث ہے اگر 9 رکنی بنچ کا بھی فیصلہ 4-5 سے آیا تو پھر کیا ہوگا؟ جسٹس میاں محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے صرف معاملہ کمیٹی کو بھجوا سکتے ہیں،جسٹس شاہد وحید نے سوال کیااگر کمیٹی نے دوبارہ 6 رکنی بنچ ہی بنادیا تو پھر کیا ہو گا؟ سلمان اکرم راجہ نے کہا پھر تسلیم کرلیں گے مگر معاملہ ایک بار کمیٹی کے پاس جانا چاہئے۔
دوران سماعت حفیظ نیازی آبدیدہ ہو گئے اور کہا میرا بیٹا حسان نیازی فوج کی حراست سے لاپتہ ہو گیا، مجھ پر جو بیت رہی ہے ججز صاحبان کو اندازہ بھی نہیں، سوچ سوچ کر راتوں کو نیند نہیں آتی بیٹا زندہ بھی ہے یا نہیں؟ ، مجھے بنچ کی تعداد سے غرض نہیں ،بتایا جائے بیٹا کہاں ہے؟۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کو حفیظ نیازی سے مل کر معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت کردی،اعتزاز احسن نے کہا شیر کو اپنی طاقت کا اندازہ نہیں ہوتا، سپریم کورٹ جب معاملہ طے کر دے تو نہیں چھیڑا جا سکتا ،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا بیرسٹر صاحب اپنی طاقت کا مکمل ادراک ہے،بعدازاںسپریم کورٹ نے 9 رکنی یا مزید بڑا بنچ تشکیل دینے کی درخواستیں منظور کرکے معاملہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو بجھوا دیا۔
سویلینز ٹرائل کیس:اپیلوں پر لارجر بنچ کی درخواستیں منظور،معاملہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کوبھجوا دیاگیا



















