لاہور (اپنے نمائندے سے) ریلویز انتظامیہ کی نااہلی، پارسل ٹرین کی آمدنی میں کمی کا منصوبہ، شہریوں کے قیمتی پارسل کی حفاظت کیلئے انتظامات میں بہتری لانے میں ناکام، چلتی ٹرین سے پھینک کر سامان کی ترسیل اور فراہمی کا جدید ترین نظام رائج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز انتظامیہ کی طرف سے پارسل نظام میں بہتری لانے کے حوالے سے منصوبہ بندی کا فقدان دیکھنے میں آرہا ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر آمدنی میں کمی کا سامنا ہے۔ ریلویز انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کے قیمتی سامان کی حفاظت کی بجائے اسکو نقصان پہنچانے کے واقعات سامنے آنے پر شہری ریلوے کے ذریعے پارسل دیگر شہروں میں بھیجنے کی بجائے دیگر ذرائع استعمال کرنے کو ترجیح دینے لگے کیونکہ نجی پارسل کمپنیوں کی جانب سے شہریوں کے سامان کو بحفاظت منزل مقصود تک پہنچانے اور نقصان ہونے کی صورت میں ازالہ کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی جاتی ہے جبکہ ریلویز انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کے پارسل اور قیمتی سامان کے حفاظت اور نقصان ہونے کی شکل میں ازالہ کرنے کی یقین دہانی نہ کروانے کی وجہ سے سامان کی بکنگ میں واضح طور پر کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ اسی سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں لاہور ریلوے سٹیشن پر ٹرین کی پارسل کوچ سے شہریوں کے قیمتی سامان کو ملازم کی جانب سے چلتی ٹرین سے بیدردی سے پلیٹ فارم پر پھینکا جا رہا ہے جس سے ریلویز انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کے قیمتی سامان کی حفاظت کی بجائے الٹا نقصان کرنے کے عملی اقدامات دیکھنے میں آرہے ہیں جو کہ انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شہریوں کی جانب سے اس طرزعمل کے باعث پارسل اور قیمتی سامان کی ترسیل بذریعہ ٹرین نہ کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے جو کہ ریلویز کی آمدنی میں بڑی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق جس سٹیشن پر ٹرین نہیں رکتی وہاں پارسل کو چلتی ٹرین سے پھینکنے کا طریقہ کار عرصہ دراز سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ لاہور ریلوے سٹیشن پارسل ایریا کے قریب ٹرین کو روکا نہیں جاتا جس کی وجہ سے ”جدید طریقہ“ کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ قیمتی سامان کے نقصان کا باعث بنتا ہے۔ اس طریقے سے قلیوں کو بھی آسانی فراہم کرنے کی خاطر پلیٹ فارم پر سامان پھیلا دیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ریلویز ڈی پی آر بابر رضا سے موقف لینے کی خاطر وٹس ایپ میسج کیا گیا جس پر ان کی جانب سے کسی قسم کا جواب نہیں دیا گیا اور کوئی موقف موصول نہیں ہوا۔
چلتی ٹرینوں سے پھینک کر مسافروں کے قیمتی سامان کی ”ترسیل“ ،ریلوے نے جدید ترین نظام رائج کردیا



















