انٹرمیڈیٹ امتحانات میں کوتاہی برداشت نہیں: کمشنر ساہیوال ، 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

ساہیوال(بےورورپورٹ) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق عوام کو تعلیم، صحت اور پانی کی فراہمی کے منصوبوں سے ہے۔ یہ منظوری کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف اور سعدیہ مہر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹرز عمران خان اور اکرم وٹو سمیت متعلقہ محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ساہیوال شہر کے نواحی گاوں 90/9Lمیں 80کنال رقبے پر تعمیر ہونے والے شہر خموشاں کی نظرثانی شدہ لاگت6کروڑ62لاکھ روپے کی بھی منظوری دی گئی جس سے اس ماڈل قبرستان کے باقی ماندہ کام کو مکمل کیا جاسکے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اس موقع پر تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جہاں ضروری ہو وہاں نئے قبرستانوں کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی بھی کریں۔ اجلاس میں اوکاڑہ شہر کے ڈسپوزل سٹیشن کو سولرانرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی جس پر لاگت کا تخمینہ17کروڑ83لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں جن منصوبوں کے نظرثانی شدہ لاگت کی منظوری دی گئی ان میں تحصیل دیپالپور کے گاوں روحیلا میتلا میں فلٹریشن پلانٹ اور ٹف ٹائل، نورپورضلع پاک پتن میں گرلز اینڈ بوائز کالج، گرلز کالج قبولہ اور نورپور کے مقام پر ٹراما سنٹر کے قیام کے منصوبے شامل ہیں۔دریں اثناءساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام 19اپریل سے شروع ہونے والے سالانہ انٹرمیڈیٹ امتحانات 2024کو شفاف بنانے کیلئے تمام انتظامی اقدامات کر لئے گئے ہیں جن میں امتحانی عملے کی جامع تربیت اور نگرانی کا فول پروف سسٹم تشکیل دینا بھی شامل ہے۔ یہ بات کمشنر ساہیوال/چیئرپرسن ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید نے ریذیڈنٹ انسپکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈویژن بھر سے تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت بھی موجود تھے۔ انہوں نے غیر حاضر انسپکٹرز سے فوری وضاحت طلب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کوئی انسپکٹر امتحانات کے دوران سنٹر سے غیر حاضر نہیں رہیگا ورنہ انکے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس امتحان کو صوبائی سطح پر مانیٹر کیا جائیگا اسلئے کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی۔ انہوں نے تمام امتحانی سنٹرز پر طلبہ و طالبات کیلئے پینے کے ٹھنڈے پانی، پنکھوں، لائٹ اور وال کلاک یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس سے پہلے کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت نے بتایا کہ ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان2024 میں 46824طلبہ و طالبات شریک ہونگے جن میں 21710طلبہ اور 25714 طالبات شامل ہیں جن کیلئے 141 امتحانی سنٹرز بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام امتحانی عملے کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں اور انہیں اپنے اپنے فرائض کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے تاکہ امتحان کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پلاسٹک بیگز کے خلاف خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کر دی۔ عوام کو ان بیگز سے ہونے والی ماحولیاتی آلودگی بارے آگہی دی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور اپنے آپ کو بیماریو ں سے بچانے کے لئے پلاسٹک بیگز کا کم سے کم استعمال کریں اور روزمرہ اشیاءکی خریدوفروخت کے لئے کپڑے کا بیگ استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک بیگز سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں بارے عوامی آگہی کے لئے خصوصی مہم بھی چلائی جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سٹی مینجر محمد اسجد خان نے پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام بارے بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے تمام جاری منصوبوں بالخصوص چینی کنٹریکٹرز کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میونسپل افسران پر زور دیا کہ شہر اور گردونواح میں جمع ہونے والے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے لئے ڈمپنگ سائیٹ کا تعین کیا جائے اور شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو بھی تیز کیا جائے۔