نئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی تعیناتی ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اشتہار دوبارہ روکدیا

لاہور (علی جنید) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کیلئے اخبار میں اشتہار دوبارہ روکدیا جبکہ سابق شارٹ لسٹ میں سے 23 امیدواروں کو منگل 23 اپریل سے وزارت مذہبی امور میں طلب کرنے کیلئے انٹر ویو لیٹر گزشتہ روز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ موجودہ قائم مقام چیئرمین ارشد فرید کی مدت ملازمت بھی 29 اپریل کو اختتام پذیر ہورہی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کیلئے بھرتی کے اخبار اشتہار دیا گیا تھا جس میں متعدد امیدواران آئے۔ بعدازاں شارٹ لسٹ میں 23 امیدواران شامل کئے گئے اور بعدازاں یہ انٹرویو بھی روک دئیے گئے تھے اور گزشتہ چند روز سے وفاقی حکومت پر اس سیٹ کیلئے مختلف افراد سفارشوں میں مصروف عمل تھے جس پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے شارٹ لسٹ کے امیدواران کو ہی فائنل کیا جس پر 23 اپریل سے امیدواران کے انٹرویو کیلئے لیٹر جاری کر دیئے گئے ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق چیئرمین حبیب الرحمن گیلانی بھی امیدواروں کی ریس میں شامل ہیں۔ حیرت انگیز امر ہے کہ ان میں کچھ افراد ایسے بھی شامل ہیں جن کی عمر 63 سے کچھ زیادہ ہو چکی ہے جبکہ اشتہار میں عمر کی حد63 برس تک رکھی گئی تھی۔ یاد رہے کہ اس شارٹ لسٹ کی انٹیلی جنس بیورو سے پہلے تصدیق کروانی ضروری تھی کہ ان میں سے بعض امیدواروں پر کرپشن کے سنگین الزامات موجود ہیں اور مشرق کے پاس ثبوت موجود ہیں۔