اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت الیکشن کمیشن سے کہا کیوں زبردستی الیکشن پر شکوک وشبہات بڑھا رہے ہیں؟۔
فارم 45 سمیت الیکشن دستاویزات کی مصدقہ کاپیوں کی عدم فراہمی و عدالتی حکم عدولی پر الیکشن کمیشن کےخلاف شعیب شاہین کی توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی،شعیب شاہین نے کہا سرٹیفائیڈ کاپیوں کی فراہمی پر عدالتی حکم عدولی کی گئی، عدالت نے متعلقہ دستاویزات کی سرٹیفائیڈ کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی جو تاحال نہیں ملیں،وکیل الیکشن کمیشن ضیغم انیس نے کہا صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب میں کیس پربات ہوئی ، جلد کاپیاں فراہم کی جائیں گی، مصدقہ نقول کی فراہمی کےلئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔
چیف جسٹس نے کہا ایسی بات نہ کریں اسلام آباد کا پنجاب سے کیا تعلق؟ سرٹیفائیڈ کاپیاں بنیادی وقانونی حق ہے کیوں نہیں دے رہے؟ کیوں زبردستی لوگوں کے الیکشن پر شکوک وشبہات بڑھا رہے ہیں؟ اگر الیکشن کمیشن نے کاپیاں نہیں فراہم کرنی تو میں آرڈر کردوں؟ اگر سینئر قانون دان، بار کے سابق صدر کو اتنی بھاگ دوڑ کرنا پڑے تو عام لوگوں کا کیا ہوگا؟ مزید کتنا وقت لگے گا، ایک ، 2 ،3سال،5برس تو مدت ہوتی ہے،الیکشن کمیشن کے وکیل ضیغم انیس نے سرٹیفائیڈ کاپیوں کی آئندہ سماعت سے پہلے فراہمی کی یقین دہانی کرادی ،کیس پر مزید سماعت 24 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔
لوگوں کے الیکشن پر شکوک وشبہات کیوں زبردستی بڑھا رہے ہیں؟ ،جسٹس عامر فاروق



















