مری کی ڈویلپمنٹ کیلئے جامع پلان طلب: غیر قانونی عمارتیں گرانے ،پلاسٹک پر پابندی کا حکم

لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں مری کے مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی،وزیراعلیٰ مریم نواز نے مری کی ڈویلپمنٹ کےلئے جامع پلان طلب کر لیااور مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر پلاسٹک پر پابندی کا حکم دیا۔

اجلاس میں مری میں سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنانے کیلئے سائٹ اورمری میں انٹری کیلئے گاڑیوں کو پرمٹ کارڈ ایشو کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا،مری کےلئے دریا جہلم سے پانی لانے کےلئے واٹر سپلائی سکیم کی اصولی منظوری دی گئی اورموجودہ واٹر سکیم کی بحالی اور فلٹریشن کا منصوبہ بھی طلب کرلیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے مری میں پارکنگ کےلئے کیبل کار اور جدید ٹرام چلانے کے اقدامات کی ہدایت کی،مری میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگانے پر غور کیا گیا، مریم نوازنے ہر بلڈنگ میں پارکنگ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی اورغیر قانونی عمارتیں کی نشاندہی کرکے فوری طور پر گرانے کا حکم دیا،نیو مری قائم کرنے کے کوٹلی ستیاں اور دیگر علاقوں میں متبادل سیاحتی مقامات میں ڈویلپمنٹ کیا جائےگا،مری میں موٹر وے کی طرز پر صاف ستھرے ٹائلٹ بنائے جائیں گے۔

اجلاس میں مری کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر قائم کرنے کی منظوری دی گئی،مری میں تجاوزات کے خاتمے کا حتمی پلان پیش کیاگیااور منظوری دیدی گئی،مری میں بس سٹینڈ کو فنکشنل کرنے اور غیر قانونی اڈے بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا،مری کی سڑکوں کو ون وے بنانے اور کشادگی کی منظوری بھی دی گئی،مری کی سڑکوں پر گڑھے ختم کرنے اور گلیوں بازاروں کو بحال کیا جائے گا،جھیکا گلی چوک کی وسعت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

قائد ن لیگ نواز شریف نے کہا مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا ،تعمیراتی معیار مدنظر نہیں رکھا گیا، لینڈ سلائڈنگ پوائنٹس پر ہوٹلوں،عمارتوں کی تعمیر خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، ماضی میں پیسے کمانا مقصد رہا،تاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا،سیاحتی مقامات بد انتظامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، شہباز شریف کو مری میں غیر قانونی عمارتیں ہٹانے پر شاباش دیتا ہوں، وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا بھدے سٹرکچر مری کے قدرتی حسن کو مسخ کررہے ہیں،عوام کی زندگی کا تحفظ حکومت کا فرض ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز برستی بارش میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مری پہنچ گئیں،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مری کی اساتذہ اور طالبات وزیر اعلیٰ کو دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلاہو گئیں، مریم نواز نے طالبات سے پڑھائی اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا،وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبات سے دریافت کیا آپ کہاں سے آتی ہیں، کوئی مسئلہ یا ضرورت ہے تو بتائیں، مریم نواز نے بچیوں سے اظہار شفقت کیا،وزیر اعلیٰ نے ایک بازوسے معذور بچی کا علاج کرانے کا حکم دیا، مریم نواز نے سکول کے انتظامات کو سراہا ۔

مزید بر آں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کلرکہار حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا ہے،مریم نوازنے سوگوار فیملیز سے اظہار تعزیت کیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی،مریم نواز نے دعا کی اللہ تعالی جاں بحق افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد شفا یاب کرے۔