تہران،غزہ :(مشرق نیوز)خطے میں نئی جنگ کاخطرہ،ایران نے اسرائیل کو میزائلوں کے نشانے پر رکھ لیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر فضائی حملہ کرنےوالا اسرائیل 9 مختلف ایرانی میزائلوں کی رینج میں آ گیا، سجیل نامی ایرانی میزائل سب سے زیادہ فاصلے تک مار کر سکتا ہے، رینج 2500کلو میٹر ہے جبکہ خرم شہر، عماد ،شہاب میزائل 2 ہزار کلو میٹر تک مار کر سکتے ہیں، پانچویں نمبر کے قدر میزائل کی رینج 1950کلو میٹر ہے،پاوہ میزائل کی رینج 1650 کلو میٹر ہے، 7 ویں نمبر پر موجود خیبر شیخان نامی میزائل 1450کلو میٹر تک مار کر سکتا ہے، الفتح ٹو،حج قاسم کی رینج 1400کلومیٹر ہے، ایران کی جانب سے کسی بھی وقت اسرائیل پر حملہ کیے جانے کا امکان ہے۔
ادھر عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ایرانی سپریم لیڈر نے مسلح افواج کو اسرائیل پر حملے کی مکمل تیاری کا حکم دےدیا، ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف سٹاف برائے سیاسی امور جمشیدی نے مشورہ دیتے ہوئے کہاامریکہ نقصان سے بچنے کیلئے پیچھے ہٹ جائے۔
دریں اثنا امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ایران مشرق وسطیٰ میں امریکی اثاثوں و اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے، خطے کے تمام امریکی ہوائی اڈوں کو سٹیٹ آف الرٹ کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کیلئے قاہرہ میں مصر و قطری ثالثی میں اسرائیل ،حماس کے درمیان ہونےوالے مذاکرات میں اہم نکات پر اتفاق ہوگیا،معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق کے بعد قطر و حماس کے وفود واپس چلے گئے،شرائط کو حتمی شکل دینے کےلئے 2دن کے اندر واپس آجائیں گے۔
خطے میں نئی جنگ کاخطرہ،ایران نے اسرائیل کو میزائلوں کے نشانے پر رکھ لیا



















