واسا ریکوری سٹاف کو عید کی چھٹیوں میں فیلڈ میں کام کرنے کے احکامات ،ملازمین پریشانی میں مبتلا

لاہور(قمر عباس نقوی)واسا انتظامیہ کے مالی حالات کی بہتری کیلئے عید کی چھٹیوں میں ریکوری سٹاف کو فیلڈ میں کام کرنے کے تحریری احکامات، سٹاف مزید مشکلات کا شکار ،ملازمین فیلڈ میں موجودگی، لائیو لوکیشن، جی پی ایس تصاویر کو متعلقہ ٹاﺅنز کے گروپ میں شیئر کرنے کے پابند ۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عید کے پرمسرت موقع پر عام تعطیلات کا اعلان کر رکھا ہے تاکہ سرکاری اداروں میں کام کرنے والے افسران وملازمین عید کی خوشیوں کو فیملیز کے ساتھ گزار سکیں۔ حکومتی احکامات کی روشنی میں تمام اداروں میں سرکاری افسران و ملازمین کو عید کی تعطیلات دیدی گئی ہیں جبکہ عوامی سروسز فراہم کرنے والے محکمہ جات میں کم سٹاف کے ساتھ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی اختیار کی گئی ہے نہ کہ مالی امور کی خاطر افسران و ملازمین کی سرکاری چھٹیوں کو محکمانہ احکامات کرکے ختم کیا گیا ہے۔ واسا لاہور کی جانب سے اعلیٰ سطح انتظامی امور کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا اور منٹس آف میٹنگ جاری کئے گئے جس کی بنیاد پر ریکوری سٹاف کو عید کی عام تعطیل میں بھی فیلڈ میں کام کرنے کے تحریری احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق واسا لاہور کا ریکوری سٹاف 10اپریل عید کے روز سے 13اپریل 2024تک فیلڈ میں کام کرتے ہوئے ریکوری کو کمی سے محفوظ رکھنے کی خاطر صارفین کو آن لائن واسا بلز کی ادائیگی کو یقینی بنانے پر کام کریگا اور عید کے ایام فیملیز کے ساتھ گزارنے کی بجائے علاقہ کی گلی محلوں میں گزارنے پر پابند کیا گیا ہے۔ ریکوری سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے کی خاطر فیلڈ میں ڈیوٹی کے دوران جی پی ایس لائیو لوکیشن کے ساتھ تصاویر متعلقہ ٹاﺅنز گروپس میں شیئر کرنے کا پابند کیا گیا ہے بصورت دیگر غیر حاضر سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح اجلاس میں ڈائریکٹر ریو نیو سمیت آپریشن افسران کو شریک کیا گیا جن کی طرف سے تجاویز دی گئیں۔ اس روشنی میں ایم ڈی واسا کی جانب سے میٹنگ مینٹس جاری کئے گئے جس میں ریکوری سٹاف کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ عید سے قبل ریکوری کو بہتر بنایا جا ئے بصورت دیگر عید کی تعطیلات میں کام کرنا پڑے گا جبکہ مختلف ریونیو افسران اور آپریشن کی جانب سے احکامات جو جاری کئے گئے ہیں اس کے مطابق عید کی تعطیلات میں فیلڈ میں کام کرنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے ریکوری سٹاف کا عید کے ایام میں کام کرنے کے انتظامی احکامات پر سی بی اے کی پر اسرار خاموشی پر سوالیہ نشان اٹھا تے ہوئے کہا کہ ریونیو سٹاف گزشتہ کئی سالوں سے مشکلات کا شکار ہیں کام بھی کررہے ہیں اور افسران سے تذلیل بھی کی جارہی ہے جس پر سی بی اے کی خاموشی مزدور دشمن ہے ایسے کاموں پر لیٹر لکھ رہے ہیں جو طے شدہ ہیں ان کی جانب سے ایسا کوئی کام نہیں کیا جا رہا جو ملازمین کے لئے ان کی وجہ سے ہوا ہو اب عید کی چھٹیوں میں بھی گلی محلوں میں کام کرنے کے معاملہ پر مکمل خاموشی مزدور دشمن ہے ۔