پارٹی میں کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں،جو مشرقی پاکستان میں ہوا وہی آج ہو رہا ہے: عمران خان

راولپنڈی(بیورورپورٹ)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے فوج کا امیج اس دن خراب ہوا جب یہ چوروں کے ساتھ بیٹھی، جو مشرقی پاکستان میں ہوا وہی آج ہو رہا ہے، مشرقی پاکستان کی طرح ہمارا مینڈیٹ کم کرکے کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا توشہ خانہ کیس میں گراف جیولری سیٹ کی مالیت 3ارب ظاہر کر کے ہمیں سزا دی گئی ہم نے گراف جیولری سیٹ کی مزید تین جگہ سے کوٹیشنز حاصل کیں جس کے مطابق سیٹ کی قیمت ایک کروڑ 80 لاکھ روپے بنتی ہے، اگست میں جب مجھے پکڑا گیا تو پولیس میرے بیڈ روم میں داخل ہوئی وہاں سے میرا پاسپورٹ اور چیک بک بھی لے گئی، بشریٰ بی بی نے بنی گالہ میں موجود قیمتی اشیاءکو اسی وجہ سے کہیں اور منتقل کردیا تھا، انعام شاہ اور توشہ خانہ کے ایک ملازم کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا گیا، توشہ خانہ میں سزا دلوانے کےلئے دبئی میں پارٹ ٹائم سیلزمین سے گراف جیولری سیٹ کی مالیت کا تخمینہ لگوایا گیا، توشہ خانہ ریفرنس بنانے پر چیئرمین نیب اور انعام شاہ کےخلاف کیس کروں گا،بانی پی ٹی آئی نے کہا آصف زرداری نے بیان دیا کہ ایک سیاسی جماعت فوج کا امیج خراب کر رہی ہے جب ہم اقتدار میں تھے تو فوج کا امیج آسمان پر تھا فوج کا امیج تو اس دن خراب ہوا جب یہ چوروں کے ساتھ بیٹھی،صحافی نے سوال کیا کیا آپ کو جسٹس فائز عیسیٰ سے انصاف کی امید ہے ؟ اس پر عمران خان کچھ دیر خاموش رہے اور بولے قوم سب کچھ دیکھ رہی ہے میں اس پر کوئی رائے دینا نہیں چاہتا، آج ملک بدل چکا ہے اور لوگوں میں شعور آچکا ہے، ہمیں غدار بنایا گیا 9 مئی میں پھنسایا گیا لیکن قوم نے 8 فروری کو بتا دیا وہ کہاں کھڑی ہے،عمران خان نے کہا کئی ججز، محسن نقوی، چیف الیکشن کمشنر اور نگران حکومت لندن پلان کا حصہ تھے، میں نے کبھی فوج سے لڑائی نہیں کی،صحافی نے بشریٰ بی بی کو زہر دینے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا جب تک بشریٰ بی بی کی انڈوسکوپی نہیں ہوتی کیسے کچھ پتہ چل سکتا ہے، جب کوئی چیز اندر چلی گئی تو بظاہر دیکھنے سے کچھ معلوم نہیں ہوسکتا،سوال کیا گیا بشری بی بی نے کہا پارٹی کے اندر کچھ لوگ ان پر امریکی ایجنٹ ہونے کا الزام لگارہے ہیں اس پر عمران خان نے کہا ہمارے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں جو پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں وہی بشریٰ بی بی پر بھی الزام لگارہے ہیں،صحافی نے سوال کیا کیا یہی وجہ ہے پارٹی کے اندر بنائی جانے والی کمیٹیوں کی تشکیل نو ہو رہی ہے؟،عمران خان نے کہا کمیٹیوں کی تشکیل روزمرہ کے سیاسی معاملات کیلئے بنائی گئی ہیں حتمی فیصلے کور کمیٹی ہی کرے گی۔