شہری معیاری برقی آلات کے استعمال، حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں، رانا اعجاز احمد

مریدکے :(طاہر محمود ) مارچ کے مہینے کے دوران ضلع بھر میں مختلف حادثات کے دوران158افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 3ہزار284افراد کو ابتدائی طبی کے امداد کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔


ایمر جنسی آفیسر ضلع شیخوپورہ انجینئر رانا اعجاز احمد نے تحصیل ایمر جنسی انچارج مریدکے صباحت خورشید کےساتھ ماہانہ رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ریسکیو1122کو گزشتہ ماہ کے دوران مجبوعی طور پر20ہزار911کالز موصول ہوئیں جن میں سے 5ہزار 379ایمر جنسی کالز تھیں، ضلع بھر میں 1456ٹریفک حاد ثات، 3188 میڈیکل ایمر جنسیز،59آگ لگنے کے واقعات،156کرائم کیس،2عمارتیں گرنے اور 517متفرق واقعات کے بارے میں فون کالز شامل ہیں،ریسکیو 1122کے چاک و چوبند جوانوں نے5362افراد کو ریسکیو کرکے ان کی زندگیاں بچانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا، ریسکیو ٹیموں کی ریسپانس اوسط7.89منٹ رہی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا اعجاز احمد نے کہا موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے لہذا تمام افراد معیاری برقی آلات کے استعمال اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں،مقصد کے حصول کےلئے اپنی قریبی ریسکیو دفاتر سے تربیت حاصل کریں، ریسکیو1122 شیخوپورہ کے نوجوان ماہ مقدس رمضان المبارک خصوصاً سحر و افطار کے اوقات میں خدمت انسانیت میں ہمیشہ کی طرح رضائے الٰہی کے حصول کےلئے پیش پیش ہیں۔