سوشل میڈیا پر زیادہ جھوٹ ہی بکے گا،کیا جھوٹ پھیلانےوالوں کو جیل بھیج دیں؟ ،چیف جسٹس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاہے جھوٹے تبصرے کرکے ڈالرکمائے جاتے ہیں، کیا جھوٹ پھیلانے والوں کو جیل بھیج دیں؟ ۔

صحافیوں کو ایف آئی اے نوٹسز کےخلاف درخواست پر چیف قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،جسٹس قاضی فائز نے استفسار کیا کیا وکیل حیدر وحید والی درخواست کا کوئی پٹیشنر عدالت میں ہے؟،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر بلا کر پوچھا کیا اس طرح کی درخواست عدالت کا غلط استعمال نہیں؟ ،کیا ایسی درخواستیں عدلیہ کی آزادی یقینی بناتی ہیں یا کم کرتی ہیں؟ پٹیشن کے تمام درخواست گزاروں کو نوٹس کر کے طلب کیوں نہ کریں؟۔

اٹارنی جنرل نے درخواست گزاروں کو نوٹس کرنے کی حمایت کردی،بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کیس میں کچھ بھی ارجنٹ نہیں ، چیف جسٹس نے پوچھا حیدر وحید کہاں ہیں؟ عدالت کو بتایا گیاوہ میڈیا ریگولیشن پراپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کورٹ اٹینڈ کرنے بھی نہیں آئے، کیا پٹیشن آزادی اظہار کو یقینی بناتی یا مزید روکتی؟ ،کیس میں درخواست گزار کون تھے؟ 2022 سے درخواست کس بنیاد پر دائر تھی کیا مقصد پورا ہو گیا؟ درخواست گزاروں میں کوئی چکوال کا تھا کوئی اسلام آباد کا، کونسا مشترکہ مفاد تھا جو درخواست گزاروں کو ساتھ لایا تھا؟ میڈیا میں بڑی منتخب رپورٹنگ ہوتی ہے،جسٹس قاضی فائز ریمارکس دئیے اب رپورٹ نہیں ہو گا 6 درخواست گزار غائب ہو گئے اسی لیے کہا اپنا یوٹیوب چینل چلائیں گے۔

بیرسٹر صلاح الدین نے موقف اختیار کیا عوامی مفاد کی درخواست واپس نہیں ہو سکتی، آرمی چیف کی توسیع پرریاض حنیف راہی والی درخواست بھی واپس نہیں لینے دی گئی تھی،چیف جسٹس نے کہا آپ کی ان لوگوں سے آوٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ تو نہیں ہو گئی؟، بیرسٹر صلاح الدین نے جواب دیا ہم صحافتی باڈی ہیں، ایسی سیٹلمنٹ کے وسائل نہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ضروری نہیں پیسے ہی ہوں، یہ بھی ہو سکتا ہے کہا گیا ہو آئندہ میری خبر اچھی چھاپ دینا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کوئی اور ارجنٹ معاملہ ہے؟ بیرسٹر صلاح الدین نے مطیع جان کیس کا حوالہ دیا، چیف جسٹس نے کہا اٹارنی جنرل اگر میں ایک کیس کو اوپن اینڈ شٹ کہوں تو وہ مطیع جان کیس کا ہے، آپ کے پاس واقعے کی ویڈیو ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے حکومت اخبار میں اشتہار کیوں نہیں دیتی ان لوگوں کی تلاش ہے اگر کچھ نہیں کرتے تو ایسا آرڈر آئے گا جو آپ کو پسند نہیں آئے گا، کیا انہوں نے انٹرویو ریکارڈ کیا تھا؟ کیسا جرنلزم ہوا؟، اگلے دن میری اہلیہ پرغلط خبر چل گئی، کہا گیا اہلیہ فل کورٹ میٹنگ میں میرے ساتھ بیٹھی ہوئی تھیں، کیا سارا دن بیٹھ کر وضاحتیں جاری کرتے رہیں؟۔

جسٹس قاضی فائز نے کہا کہا جائےگا چیف جسٹس کی اہلیہ نے تو تردید جاری نہیں کی، کیا تاثر جائےگا خبر سے چیف جسٹس کی اہلیہ آفیشل میٹنگ میں بیٹھی تھیں، ایسی خبر چلانے والوں کو کیا توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں؟، کیا فرد جرم عائد کر کے جیل بھیجیں، اپنے تھمب نیل اور اپنی خبر میں انہوں نے یہی کہہ دیا،چیف جسٹس نے پوچھا کیا زیادہ ری ٹوئٹس ، لائیکس سے پیسے کمائے جارہے ہیں؟، کیا کسی صحافی پر جھوٹ بولنا ثابت ہوجائے وہ ممبر شپ ختم کریں گے؟ ۔

بیرسٹر صلاح الدین نے جواب دیا وارننگ دے کر، شوکاز کر کے ممبر شپ ختم کر سکتے ہیں، چیف جسٹس نے کہا اس سے کیا ہو جائےگا؟، چیف جسٹس آپ آفیسر آف کورٹ ہیں حل بتائیں، بیرسٹر صلاح الدین نے کہا ہتک عزت کا قانون پاکستان میں اتنا مضبوط نہیں اس لیے یہ سب ہوتا ہے،چیف جسٹس نے کہا کیا اپنے ممبر کیخلاف کارروائی کی صحافیوں نے ؟،سب ٹریڈ یونین بن گئیں ہم نے تو آپ کو اپنے ادارے میں کر کے دکھایا، آپ بھی کر کے دکھائیں نا۔

جسٹس قاضی فائز نے کہاجو جتنا زیادہ جھوٹ بولے گا اتنا ہی سوشل میڈیا پر بکے گا، جھوٹے تبصرے کرکے ڈالرز کمائے جاتے ہیں، کیا جھوٹ پھیلانے والوں کو جیل بھیج دیں؟،ہم نے تو اپنا احتساب کرکے دکھایا،سپریم کورٹ نے میڈیا ریگولیشن والی پٹیشن کے درخواست گزاروں کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے فریقین سے تحریری دلائل طلب کرلیے اور درخواست گزاروں کو نوٹس جاری کرکے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔