الیکشن کمیشن، پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ کے پی کے اسمبلی کے ارکان سے حلف نہ لینے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے نو منتخب ارکان اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی جس میں نو منتخب خواتین و غیر مسلم ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی کے نمائندے بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل شاہ خاور نے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے 4 مارچ کو خواتین ارکان اسمبلی کے نوٹیفکیشنز جاری کئے۔ سپیکر خیبرپختون خوا اسمبلی کو اجلاس بلا کر ارکان سے حلف لینا چاہیے تھا۔ سپیکر خیبرپختونخواا اسمبلی آئینی و قانونی طور پر اجلاس بلانے اور حلف لینے کے پابند ہیں۔ جب تک حلف نہ لیا جائے تب تک خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کئے جائیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ یہ بتائیں الیکشن کمیشن کس طرح سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو ہدایات جاری کر سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نمائندہ کے پی اسمبلی سے پوچھا گیا کہ آپ بتائیں نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف کیوں نہیں لیا جا رہا ؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ سپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا۔ گورنر کے پی کا اجلاس طلب کرنے کا حکم نامہ خلاف قانون تھا۔