ٹی ٹوئنٹی فزیکل فٹنس کیمپ کےلئے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان
لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 29 کھلاڑی کل سے کاکول ایبٹ آباد میں منعقدہ فٹنس کیمپ میں حصہ لیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ یہ کیمپ پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کررہا ہے جس میں ایک خاص حکمت عملی کے مطابق کھلاڑیوں کو آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹ کیلئے تیار کیا جائےگا جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور امریکہ ، ویسٹ انڈیز میں منعقدہ آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شامل ہے۔کیمپ 26 مارچ سے شروع ہوگا اور 8 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔ کیمپ میں بنیادی توجہ ٹیم کی تیاری پر ہوگی اور اس کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی طاقت کو بڑھانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین حالت میں ہوں۔کیمپ میں تجربہ کار ٹرینرز اور کوچز کی رہنمائی میں کھلاڑی ایک جامع پروگرام کے تحت ٹریننگ حاصل کریں گے جو ان کی فٹنس لیول، چستی، لیڈرشپ اور سٹرٹیجک سوچ اور میدان میں مجموعی کارکردگی کو بلند کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔کھلاڑیوں میں بابراعظم،محمد رضوان،صائم ایوب،فخرزمان، صاحبزادہ فرحان،حسیب اللہ،سعود شکیل، عثمان خان،محمد حارث،سلمان علی آغا، اعظم خان، افتخار احمد، عرفان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم،اسامہ میر، محمد نواز، مہران ممتاز،ابرار احمد،شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی،حسن علی،محمد علی،زمان خان،وسیم جونیئر، عامر جمال،حارث روف اور محمد عامر شامل ہیں



















