افغانستان میں پاکستان پر حملوں کی منصوبہ بندی بے نقاب،تحریک طالبان کی ویڈیو لیک

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) افغانستان میں پاکستان پر حملوں کی منصوبہ بندی بے نقاب، تحریک طالبان کی ویڈیو لیک ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے افغان علاقے ڈانگر الگد (Dangar Algad)میں موجود تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی اے) کا سرغنہ یحییٰ حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کوپاکستانی پوسٹوں پر حملہ کرنے کی ہدایات دے رہا ہے، ویڈیو میں ٹی ٹی اے کا کمانڈر دہشت گردوں کو بتا رہا ہے پاکستان سے بدلہ لینے کےلئے تیار ہیں، منصوبے کے مطابق 6 راکٹ چلانے والے، 6 معاونین، 2 لیزر والے ومعاونین ہوں گے، ایک بندہ سنائپر بھی ہوگا، سب مجاہدین امیر المومنین شیخ عباد اللہ کے احکامات پر تیار ہیں۔

منظر عام پر آنےوالی ویڈیو میں خودکش بمبار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، دہشت گرد پاکستان کےخلاف لڑنے پر رضامندی کا اظہار کررہے ہیں، پاکستان میں داخلے کیلئے تیار تشکیل کو ضابطہ سمجھانے اور زخمیوں کو پیچھے نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں۔

ویڈیو واضح ثبوت ہے کہ ٹی ٹی اے پاک افغان سرحد سے سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور دہشت گردوں کو پوری مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ یاد رہے پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے، کابل حکومت دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دیں۔ دوسری جانب دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی پر افغان عبوری حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں، دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کےلئے سنگین خطرہ اور مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کررہے ہیں۔